شیموگہ:۔طلباء اساتذہ کا احترام کریں،کیونکہ اساتذہ کا احترام کرنے کیلئے اسلام میں سختی سے ہدایت دی گئی ہے،اگر طلباء اپے اساتذہ کی توہین کرتے ہیں تو یہ اُن کے والدین کی توہین کرنے کے برابرہوگا۔اس بات کااظہار صحافی مدثراحمدنے کیاہے۔انہوں نے آج اخلاص انگلش اسکول میں ایس ایس ایل سی میں کامیاب ہونےو الے طلباء کے تہنیتی جلسے میں مہمان خصوصی کے طورپر شرکت کرتے ہوئے کہاکہ ایس ایس ایل سی کے بعد کی زندگی طلباء کیلئے نہایت معنی خیزہے،اسی کے بعد طلباء اپنی زندگی کے اہم فیصلے لے سکتے ہیں،اس لئے اُنہیں اب سنجیدگی کے ساتھ تعلیم حاصل کرنے کی ضرورت ہے۔ہر ایک بچہ ڈاکٹریا انجینئر نہیں بن سکتا اور نہ ہی ہر کوئی ڈاکٹر یا انجینئر بننےکے بعد بڑے پیمانے پر کامیابی حاصل کرسکتا ہے ۔ مختلف شعبوں میں روزگارکے مواقع ہیں،جہاں پر بچے اپنی زندگی سنوارسکتے ہیں،اس لئے چاہیے کہ وہ مختلف کورسس کی جانب بھی توجہ دیں۔اس موقع پرملناڈ لائف لائن اسپتال کے نیرولوجسٹ ڈاکٹرعادل احمد کرنول نےکہاکہ ہر انسان کا دماغ الگ الگ طریقے سے سوچتاہے ،اس لئے ہر ایک سے ایک جیسی کامیابی کے تعلق سے سوچنا مناسب نہیں،جس بچے میں جو صلاحیت ہوتی ہے اُسے ابھارنے کے تعلق سے والدین کو سوچنا چاہیے۔مزید انہوں نے کہاکہ ہر انسان دو طرح کا عادی ہوتاہے ایک اچھائی اور دوسرا برائیوں کی عادت ہوتی ہے،طلباء کو چاہیے کہ وہ بُری صحبت سے گریز کریں،اچھائی کی طرف راغب ہوں۔ٹیکنالوجی کا استعمال محدود کرنا چاہیے،اگرٹیکنالوجی پر ہی منحصرہونے لگتے ہیں تو ہماری دماغی صلاحیتیں کمزورہوجاتی ہیں۔مزید ایک مہمان اور اسکول کی سابقہ طالب العلم ڈاکٹر مہ جبین نے بات کرتے ہوئے کہاکہ جس طرح سے انگلیوں کا نشانات الگ الگ ہوتے ہیں اُسی طرح سے ہر انسان کی سوچنے سمجھنے میں اور سیکھنے کی صلاحیت الگ ہوتی ہے،طلباء اس بات کاخیال رکھتے ہوئے اپنا مستقبل بنائیں۔تعلیم حاصل کرتے وقت دوسروں کی نقل کرنے کے بجائے اپنی اسطاعت کے مطابق پڑھائی کریں،اگر ہم یہ سمجھتے ہیں کہ ہم تعلیم میں کمزورہیں تو اس کمزوری کو کمزوری نہ بنائیں بلکہ زیادہ محنت کریں تو اس کمزوری کو دورکیاجاسکتاہے۔اچھی تعلیم کا انحصار اچھی بلڈنگ سے نہیں بلکہ اپنی محنت اور اساتذہ کے بتائے ہوئے طریقوں پر عمل کرنے سے ہی اچھی تعلیم ملتی ہے۔جلسے کاآغازمحمد معاذکی قرات سے ہوا،سیدہ عالیہ نے حمدِ باری تعالیٰ پیش کیاجبکہ نعت شریف محمد جنید نے پیش کی،استقبالیہ کلمات فرزانہ خانم نے پیش کئے۔اس موقع پراسکول کے ٹاپرس فخیہ، سمیرا،جواد اور دانیال نے اپنے اپنے تاثرات پیش کئے۔جلسےکی نظامت آمینہ تحرین،نائلہ اور تسمیہ نے انجام دی۔اس موقع پراسکول کے سکریٹری سید نورالحق ،عبدالطاہر،اڈوکیٹ خلیل احمد خان،سید عبدالظاہر سمیت مینجمنٹ کے اراکین اور اسکول کے معلمین موجودتھے۔اُم حبیبہ نے تمام شرکاء کا شکریہ اداکیا۔
