شیموگہ:۔زہریلا کھاناکھانے کی وجہ سے شیموگہ شہر کے مختلف سرکاری ہاسٹلوں میں قیام کررہےطلباء بیمارہوگئے ہیں جس کی وجہ سے کل دیررات سے ہی یہاں کے میگان اسپتال میں علاج کیلئے داخل کیاگیاہے۔قریب125بچے اسپتال میں زیر علاج ہیں،تمام بچے خطرے سے باہرہیں۔اطلاعات کے مطابق ان تمام طلباء کوایک ہی طرح کاکھانا دیاگیاتھا جس کی وجہ سے ان کی صحت پر بُرا اثر پڑ ا ہے ۔ شیموگہ کے میلن ہنسواڑی،باپوجی نگر ہاسٹل اور مرارجی دیسائی ہاسٹل کےطلباء علاج کیلئے داخل ہوئے ہیں،کھانےمیں کیا کمی تھی اور کس طرح سے کھانا زہریلاہواہے اس کی تحقیقات کی جارہی ہے۔طلباء کی بُری صحت کی خبر سُن کر کل شام سے افسروں کی لمبی قطار اسپتال میں دیکھی گئی جبکہ آج صبح ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر سیلوامنی نے بھی اسپتال پہنچ کر بچوں کا حال دریافت کیا اور اس معاملے کی تحقیقات کرنے کے احکامات دئیے۔آج سابق رکن اسمبلی کے بی پرسنناکمار،ضلع کانگریس کے نائب صدر محمد عارف اُللہ بھی اسپتال پہنچ کر بچوں کے احوال پوچھے۔اس موقع پر سابق رکن اسمبلی پرسنناکمارنے اس معاملے کی مکمل تحقیقات کرنے کا مطالبہ کیا،ساتھ ہی ساتھ مستقبل میں اس طرح کے حالات پر قابوپانے کیلئے بھی مطالبہ کیاہے۔
