بنگلورو:۔کرناٹک میں کانگریس کارکن کے بہیمانہ قتل کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ پانچ لوگوں نے کانگریس کارکن کو پتھر سے کچل دیا۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔ متوفی ایک مقامی کانگریس لیڈر کا حامی تھا۔واقعہ بنگلورو کے چوڈیشوری نگر علاقہ کا ہے۔ متوفی کی شناخت روی عرف متھیراوی (42 سال) کے طور پر کی گئی ہے۔ بنگلورو کے نندنی لے آؤٹ پولیس اسٹیشن میں ایک کیس درج کیا گیا ہے اور پولیس نے ملزم کو پکڑنے کے لیے ایک تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی ہے۔ خبر کے مطابق پانچ افراد نے مل کر روی کو قتل کیا۔ پانچوں ملزمان موٹر سائیکل پر آئے تھے اور روی کو سر پر پتھر مار کر بے دردی سے قتل کر دیا۔ اطلاع ملتے ہی پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش کو تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا۔پولیس نے بتایا کہ مقامی کانگریس لیڈر کرشنامورتی کی حال ہی میں سالگرہ تھی۔ متوفی روی کانگریس لیڈر کرشنامورتی کا حامی تھا اور اس نے اپنے لیڈر کو مبارکباد دینے والے ہورڈنگس لگائے تھے۔ پولیس نے بتایا کہ قاتلوں نے پہلے ان ہورڈنگز کو پھاڑ دیا اور پھر روی کو قتل کر دیا۔
