اگرریاست میں امن خراب ہوا توبجرنگ دل اور آر ایس ایس جیسی تنظیموں پر پابندی عائد کی جائیگی:پرینک کھرگے

اسٹیٹ نیوز سلائیڈر
بنگلورو:۔کرناٹک کے وزیر پرینک کھرگے نے بدھ کو بجرنگ دل اور آر ایس ایس کو لے کر بڑا بیان دیا ہے۔ وزیر پرینک نے دہرایا کہ اگر ریاست کا امن خراب ہوا تو ان کی حکومت بجرنگ دل اور آر ایس ایس جیسی تنظیموں پر پابندی عائد کر دے گی، اور اگر بی جے پی قیادت اسے ناقابل قبول سمجھتی ہے تو وہ پاکستان جا سکتے ہیں۔ وزیر نے کہا کہ ہم نے کرناٹک کو جنت بنانے کا وعدہ کیا ہے۔ اگر امن خراب ہوتا ہے تو ہم اس پر بھی غور نہیں کریں گے کہ یہ بجرنگ دل ہے یا آر ایس ایس۔ جب بھی قانون ہاتھ میں لیا جائے گا پابندی لگائی جائے گی۔ جیسا کہ منشور میں وعدہ کیا گیا ہے، ہم بجرنگ دل اور آر ایس ایس سمیت کسی بھی تنظیم پر پابندی لگا دیں گے۔بنگلورو میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کھرگے نے مزید کہا کہ اگر بی جے پی کو مسائل کا سامنا ہے تو انہیں پاکستان جانے دیں۔اس کے علاوہ انہوں نے کہا کہ حکومت حجاب پر پابندی، حلال کٹوتی اور گائے ذبیحہ قوانین کو واپس لے گی۔ کچھ عناصر قانون اور پولیس کے خوف کے بغیر معاشرے میں آزاد گھوم رہے ہیں۔ یہ رجحان تین سال سے جاری ہے۔بی جے پی کو سمجھنا چاہئے کہ لوگوں نے انہیں اپوزیشن میں کیوں بٹھایا ہے۔ ہم نے کہا ہے کہ زعفرانیت غلط ہے۔ کانگریس بسونا کے اصولوں کی پیروی کرتی ہے، جن پر سبھی عمل کر سکتے ہیں۔اطلاعات کے مطابق پرینک کھرگے اے آئی سی سی صدر ملکارجن کھرگے کے بیٹے ہیں۔ انتخابی مہم کے دوران انہوں نے وزیر مودی کو ‘فضول’ کہہ کر بڑا تنازع کھڑا کر دیا تھا۔