بھدراوتی:۔یہاں کے سُنی حفیظیہ مسجدکے ماتحت پچھلے دنوں قائم کئے گئے حفیظیہ بیت المال کے ذریعے سے اس دفعہ تاریخی کارنامہ انجام دیاگیا ہے ۔ یہ شہر چھوٹا ہے ،کمیٹی چھوٹی ہے لیکن اس کمیٹی کے عزائم بہت بلند ہیں۔دراصل اس دفعہ حفیظیہ بیت المال کمیٹی کے کارکنوں نے لاک ڈائون سے پریشان حال لوگوں کے مسائل کو حل کرنے کا بیڑا اٹھاتے ہوئے بہت ہی مختصر وقت میں محدود وسائل کے ساتھ مستحق افراد کو راشن پہنچانے کا کام شروع کیا ہے ۔ قریب 500 راشن کٹس جو لگ بھگ ایک خاندان کیلئے اطمینان بخش راشن ہے ، اُسے گھر گھر جاکر پہنچانے کا کام شروع کیاہے۔خاص بات یہ ہے کہ بہت سارے مڈل کلاس گھرانے کے لوگ جنہیں مالی مشکلات کا سامنا کرناپڑرہاہے،اُن کی نشاندہی کرتے ہوئےیہ راشن کٹس دئیے گئے ہیں ۔ یقیناً حفیظیہ بیت المال نے اُن تمام اداروں کیلئے ایک پیغام دیاہے جن کے پاس لاکھوں روپیوں کی آمدنی ہونے کے باوجودعام لوگوں پر خرچ کرنے کے بجائے تجوریوں کو تالالگا کر بیٹھے ہوئے ہیں۔ حفیظیہ مسجد کمیٹی کے صدرحبیب اللہ ناصر خان نے کہاکہ پہلی دفعہ حفیظیہ مسجد کے ماتحت قائم شدہ بیت المال کے ذریعے 500 / کے قریب مستحق افراد کیلئے راشن کٹس دئیے جارہے ہیں ، یہ رقم مقامی نوجوانوں کی کوششوں سے بیت المال کیلئے اکٹھا کی گئی تھی، حالانکہ شہرمیں اور بھی کئی اوقافی ادارے ہیں، لیکن لاک ڈائون میں خدمتِ خلق دینے کا شرف حفیظیہ بیت المال کو حاصل ہورہاہے۔ہمیں خوشی ہے کہ بیت المال کمیٹی کے نوجوانوں نے شانہ بشانہ مل کر کام کرتے ہوئے لوگوں کی مددکرنے کا فیصلہ کیا۔ہماری کوشش ہے کہ اس کام کو مزید بڑھایا جائے اور مستحق افراد کو آگے بھی تعائون کیا جائے۔آنے والے دنوں میں تعلیم کے سلسلے میں ضرورتمند طلباء کو مددکرنے کی کوشش کی جائیگی۔اس موقع پر حفیظیہ بیت المال کمیٹی کے صدر شوکت علی نے بتایا کہ کمیٹی کے نائب صدر فیاض احمد ،سکریٹری محمد سراج ، محمد حسین،منصور، امیر عرف بابا،سید جمیل ، سید اسماعیل، جواد خان ،فیروز خان وغیرہ اس کارِخیر میں مسلسل کام کرتے رہے ہیں ۔ ہم نے ضرورتمند افراد کا سروے کیاہے اوراُنہیں گھر پر ہی جا کر راشن کٹ پہنچایا جارہا ہے ۔
