ممبئی:-آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کا ۲۸ واں اجلاس اندور مدھیہ پردیش کے جامعہ اسلامیہ مہو بنجاری میں جاری ہے۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق آج کے اجلاس کی پہلی نشست سکریٹری بورڈ مولانا عتیق بستوی کی صدارت میں بعد نماز عصر شروع ہوئی، پہلی نشست خطبہ استقبالیہ سمیت تجاویز ، تعزیت، بورڈ کی سابقہ کارروائی کی تصدیق اور اڈیشہ ٹرین حادثے پر اظہار افسوس کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی ۔بعد نماز مغرب دوسری نشست کا آغاز ہوا، جس کی صدارت مفتی ایولہ نے کی اس اجلاس میں مولانا خالد سیف رحمانی نے رپورٹ پیش کی۔ مولانا رابع حسنی ندویؒ (سابق صدر آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ) کے سانحہ ارتحال کیوجہ سے خالی جگہ کو پر کرنے کےلیے بورڈ کے نئے صدر کا انتخاب عمل میں آیا۔ اندور سے موصولہ اطلاعات کے مطابق بورڈ کی صدارت کے لئے حضرت مولانا محمد سفیان قاسمی صاحب (مہتمم دارالعلوم موقف دیوبند) کی جانب سے مولانا خالد سیف اللہ رحمانی صاحب کا نام پیش کیا گیا ہے، جس کی تمام تنظیمیں جمعیۃ علماء ہند، جماعت اسلامی ، جمعیۃ اہل حدیث ،مولانا توقیر رضا خان، مولانا محمود مدنی، مولانا سفیان قاسمی، مولانا شہد حسنی سمیت تقریباً ۲۵ سے زائد افراد نے تائید وحمایت کی، ـ ممبئی سے مولانا محمود احمد خاں دریابادی، مولانا سجاد نعمانی، ڈاکٹر ظہیر قاضی وغیرہ نے بھی تائید کی۔ اس تائید وحمایت کے بعد اتفاق رائے سے عاملہ کے اراکین نے مولانا خالد سیف اللہ رحمانی کو بورڈ کا پانچواں صدر منتخب کرلیا۔ اجلاس میں مولانا فضل رحیم مجددی، مولانا سفیان قاسمی، امیر شریعت مولانا احمد ولی فیصل رحمانی، نظام الدین فخرالدین پونہ، ممبر پارلیمنٹ اسدالدین اویسی ، ڈاکٹر ظہیر قاضی، ڈاکٹر ضی الاسلام ندوی، مولانا شاہد حسنی، مولانا سجاد نعمانی، مولانا محمود مدنی، مولانا محمود احمد خاں دریابادی، عمرین محفوظ رحمانی، مولانا نعیم رحمانی سمیت دیگر عاملہ اراکین ومدعوئین موجود تھے۔
