عوام کے مسائل کوسلجھانے کیلئے ہرماہ ہر ضلع میں جنتادرشن کیا جائیگا: ضمیر احمد خان

اسٹیٹ نیوز سلائیڈر
سلم کلیرنس بورڈ کے لئے 500 کروڑ روپے کی گرانٹ جاری کرنے کی تجویز حکومت کو روانہ کرنے افسران کو ہدایت،میٹنگ میں غیر حاضر افسر معطل
بنگلورو:۔(تمیم انصاری):۔ریاستی وزیر برائے ہاؤزنگ اور مائناریٹی ڈیولپمنٹ ضمیر احمد خان نے کہا ہے کہ عوام کو ہاؤزنگ اور اقلیتی بہبود محکمہ کی سہولتوں کو حاصل کرنے کیلئے بنگلور کا رخ کرنے کے نظام کو ختم کرنے کیلئےوہ خود ہر ماہ ریاست کے تمام اضلاع میں جنتا درشن کرینگے جس کے ذریعے عوام کے مسائل کوحل کرنےکیلئے ترجیح دی جائیگی۔سلم ڈیولپمنٹ بورڈ کے دفتر میں ترقیاتی کاموں کا جائزہ لینے کے بعدانہوں نے کہا کہ اگست ماہ سے جنتا درشن کا آغاز کیاجائیگا جس میں جملہ دو دن جنتا درشن میں دونوں محکمہ کے ذریعے عوام کو ملنے والی سہولتوں کو ضلعی سطح پر پہنچانے کیلئے اقدامات اٹھائے جائینگے،ساتھ ہی ضلعی اور تعلقہ سطح کے افسران وہاں پر موجود رہیں گے جس کے ذریعے عوام کو کسی بھی طرح کی شکایت کا موقع نہیں دیا جائیگا ،اگر افسران کاہلی برتیں گے تواُن کےخلاف معقول کاروائی کی جائیگی۔ ضمیر احمد نے مزید کہا کہ ہاؤزنگ بورڈ ، راجیو گاندھی ہاؤزنگ کارپوریشن ، سلم ڈیولپمنٹ بورڈ اور محکمہ اقلیتی بہبود کے پروگراموں اور منصوبوں کو جاری کرنے کے معاملے میں ضلعی اور تعلقہ سطح پر کسی بھی قسم کی بدعنوانی نہ ہو اس کا خاص خیال افسروں کو رکھنا چاہیے ۔مزید انہوں نے کہا کہ جھونپڑ پٹی علاقہ میں لاکھوں افراد زندگی بسر کر رہے ہیں افسروں کو چاہیے کہ انہیں پکے مکانات تعمیر کرنے کے معاملے میں دیانتداری سے خدمت انجام دیں۔ بنگلور کے25 جھونپڑپٹیوں سمیت ریاست میں جملہ154جھونپڑ پٹی علاقوں میں بنیادی سہولتوں کو فراہم کرنے کیلئے افسروں کو ایک ماہ کی مہلت دی گئی ہے وہ فوری طور پر ترقیاتی کام کو انجام دیںاور مقررہ وقت ختم ہونے کے ایک ماہ بعد ترقیاتی کاموں کا اچانک دورہ کر یں ۔اس موقع پر سلم ڈیولپمنٹ بورڈ کے افسروں نے ضمیر احمد خان کوبتایاکہ بورڈ کو گرانٹس کی کمی کے سبب مقررہ وقت پر ترقیاتی کاموں کو انجام دینے کیلئے کافی دشواری ہو ر ہی ہے اس کاحل نکالاجائے،جس پر ضمیر احمد خان نے بتایاکہ سلم ڈیولپمنٹ بورڈ کیلئے سالانہ 500 کروڑ روپے کی گرانٹ دینے کیلئے ایک تجویز حکو مت کو روانہ کی جائیگی، فی الوقت موجود 49 کروڑوں روپے کا استعمال کرتے ہوئے سلم علاقوں میں فوری طور پر ترقیاتی کاموں کوانجام دیں۔اس موقع پر سلم کلیئرنس بورڈ کے کمشنر وینکٹیش اور دیگر اعلی حکام موجود تھے ترقیاتی کاموں کا جائزہ لینے کے دوران افسران کی غیرموجودگی پرضمیر احمد خان نے ناراضگی جتاتے ہوئے غیر ذمہ دار افسران کو آڑے ہاتھوں لیا اوراعلیٰ افسروں کی اجازت کے بغیر غیر حاضر ہونے والے منڈیا کے اسسٹنٹ انجینئر درشن جین کو فوری طور پر معطل کرنے کیلئے احکامات صادر کیے۔ا