بنگلورو:۔ مفت بجلی فراہمی منصوبے کےلئے الگ سے اپلی کیشن تشکیل دیاگیا ہے اور زیادہ سے زیادہ عرضیوں کو داخل کرنےمیں سہولت و آسانی پیدا کرنے کےلئے سرور کو مزید مستحکم کیاگیا ہے۔ اسی طرح کرایہ داروں کےلئے بھی 200 یونٹ مفت بجلی کی سہولت کے لئے الگ سےگائیڈ لائنس جاری کئے گئے ہیں، اس بات کی جانکاری وزیر ایندھن کےجےجارج نے بنگلور میں میڈیا والوں سے بات کرتے ہوئے دی ۔ ریاستی حکومت کی جانب سے اعلان کردہ گرہہ جیوتی منصوبے کے تعلق سے عوام پیچیدگی کا شکار ہونےلگے تو عوامی پیچیدگیوں کو دورکرنے کے سلسلے میں وزیر موصوف نے پریس کانفرنس کے ذریعے وضاحت کی۔ وزیر جارج نے بتایا کہ جو لوگ نئے گھروں میں کرایہ دار ہونگے نئے کرایہ داروں کو منصوبے کا فائدہ اٹھانے کےلئے ایک سال تک انتظار کرنے والے حالات پیدا ہوگئے ہیں ۔ ان نئے کرایہ داروں کے متعلق کابینہ کی میٹنگ میں چرچا کرنے کے بعد نئے گائیڈ لائنس جاری کئے جائیں گے۔
کرایہ داروں کےلئے مفت بجلی :جو بھی کرایے دار ہیں ان کو بھی مفت میں بجلی فراہم کی جائے گی۔ البتہ ان کے لئے لازمی ہوگا کہ وہ اپنا میٹر نمبر (آر آر نمبر)آدھارکارڈ کے ساتھ لنک کریں۔ اس کے علاوہ گرہہ جیوتی منصوبے کےلئے الگ سے اپلی کیشن دینا ہوگا۔ اس کے برعکس جن کے ذاتی مکانات ہیں ان کےلئے لازمی ہے کہ وہ اپنے دستاویزات فراہم کریں۔ وزیر نے واضح کیا کہ جو لوگ 200یونٹ سے زائد بجلی استعمال کریں گے ان کو مکمل بل ادا کرنا ہوگا۔
مفت بجلی بل میں اضافی ٹیکس نہیں ہوگا؟: مفت بجلی بل میں 9فی صد زائد ٹیکس نہیں ہوگا۔ البتہ 200سے زائد یونٹ بجلی بل میں 9فی صد اضافی ٹیکس بھی شامل ہوگا۔15جون سے ’’سیوا سندھو‘‘ نامی پورٹل کے ذریعے گرہہ جیوتی منصوبے کےلئے عرضیاں داخل کرنے کا عمل شروع کرنا ہوگا۔ اس کے علاوہ ’’گرام ون ‘ اور ’بنگلورو ون ‘ پورٹل کے ذریعے بھی عرضیاں داخل کرنے کی سہولت فراہم کئے جانےکی وزیر نے جانکاری دی ہے۔
عرضی کیسے داخل کریں ؟: 15جون سے ’’سیواسندھو‘‘ نامی پورٹل یا گرہہ جیوتی نام والے ایپ کے ذریعے عرضیوں کا داخلہ شروع ہوگا۔ جس طرح سبھی ایپ پلے اسٹور ‘ میں ہوتے ہیں اسی طرح یہ ایپ بھی پلے اسٹور میں دستیاب ہے۔ ایپ ڈاؤن لوڈ کرکے بھی عرضی داخل کرسکتےہیں۔کرایے داروں کے لئے لازمی ہے کہ وہ کم سے کم تین دستاویزات فراہم کریں۔ آدھار کارڈ، کرائے کا باونڈ، اور ہر ماہ بل ادا کئے جانے والے بجلی پلانٹ کا آئی ڈی نمبر والا بل ۔ ایپ پر لاگِن ہونے کے بعد Opt inآپشن دبائیں اس کے بعد اپنے دستاویزات کو اپ لوڈ کریں۔اگر کوئی کرایہ دار ایک دو مہینے میں ہی کرایہ کا گھر خالی کرتاہے اور کہیں اور کرایے کے گھر میں رہتاہے تو اس کے لئے لازمی ہے کہ وہ ایپ میں لاگن ہوکر Opt out پر دبائیں۔ پھر اس کے بعد اپنے نئے کرایے کے گھر کےلئے لاگن ہوکر Opt inپر دبائیں اپنے دستاویزات اپ لوڈ کریں ۔ جس گھر میں آپ کرایے کے طورپر رہائش اختیار کئے ہیں اس گھر میں استعمال ہونےو الی بجلی یونٹ کی سالانہ شرح ہی نئے کرایہ دار کے لئے ہوگی۔ قابل غور ہے کہ متعلقہ گھر کی سالانہ شرح 200یونٹ کے اندر ہے تو منصوبے سے استفادہ کرسکتےہیں اگر 200یونٹ سے زائد ہے تو متعلقہ گھر کو مفت بجلی نہیں ملے گی۔
