دہلی:۔پرائیویٹ سیکٹر کی ہندوستانی ایئرلائنز انڈیگو نے تاریخ رقم کی ہے۔ انڈیگو آپریٹ کرنے والی کمپنی انٹر گلوب ایوی ایشن نے ایئربس کو 500 نئے ایئر بس اے 320 فیملی ایئرکرافٹ خریدنے کا آرڈر دیا ہے۔ کسی بھی ہندوستانی ایئرلائنز کے ذریعہ ایک ساتھ دیا جانے والا یہ سب سے زیادہ طیاروں کا آرڈر ہے۔ ان طیاروں کی ڈیلیوری 2020 سے 2035 کے درمیان کیے جانے کی امید ہے۔اتنی بڑی تعداد میں ایک ساتھ اتنے طیارہ خریدنے والی انڈیگو دنیا کی پہلی ایئرلائنز بن گئی ہے۔ اس سے قبل ہندوستان سے ہی ٹاٹا گروپ کی ملکیت والی ایئر انڈیا نے ایئربس اور بوئنگ کے ساتھ 470 نئے طیارے خریدنے کے لیے سودے کا اعلان کیا تھا۔انڈیگو کے تازہ سودے کے لیے ہوئے اس تاریخی خریداری ایگریمنٹ پر انڈیگو کے پرموٹر اور منیجنگ ڈائریکٹر راہل بھاٹیا، انڈیگو کے سی ای او پیٹرس ایلبرس اور ایئربس کے سی ای او گلاب فوری نے پیرس ایئر شو 2023 کے دوران دستخط کیے۔ اس بارے میں ایئربس نے ٹوئٹ کر کہا کہ اس معاہدہ کے ذریعہ ہندوستان میں سستے ہوائی سفر کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔اس معاہدے کے بارے میں انڈیگو کے سی ای او پیٹرس ایلبرس نے کہا کہ اس آرڈر کے ساتھ ہی انڈیگو کے لیے 1000 طیاروں کا آرڈر ایک دہائی کیلئےہو چکا ہے، جو انڈیگو کے اپنے مشن کو پورا کرنے، ہندوستان کی معاشی ترقی کو رفتار دینے کے ساتھ موبلٹی کو فروغ دینے میں مدد کریگا۔
