حکومت ہر طرح کے مسائل سے نمٹنے کیلئے تیار ہے:وزیر اعلیٰ سدارامیا

اسٹیٹ نیوز
بنگلورو:۔ وزیر اعلیٰ سدارامیا نے کہا ہے کہ ریاستی حکومت ہر طرح کے مسائل سے نپٹنے کے لئے تیار ہے۔ اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ریاست میں بارش کا موسم شروع ہو چکا ہے۔ بعض مقامات پر زور دار بارش کی اطلاعات مل رہی ہیں۔ جبکہ چند مقامات پر پینے کے پانی کی قلت کی شکایت مل رہی ہے۔ ان دونوں سے نپٹنے کے لئے مناسب قدم اٹھانے کے لئے افسروں کو ہدایت دی جا چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب تک اس بارے میں وہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنروں اور ضلع پنچایت کے سی ای او سے دو بار میٹنگ کر چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بارش کے آغاز کے ساتھ ہی ریاست کے کاشت کارو ں نے فصلوں کو بونے کی تیاری کر لی ہے۔ چھوٹی صنعت کے نمائندوں سے کل ہوئی ملاقات کے بارے میں سدارامیا نے کہا کہ بجٹ کے بعد ان کے تمام مسائل کا جائزہ لیا جائے گا۔ صنعت کاروں سے بجلی کا ٹیکس افزود وصول کئے جانے کی شکایت کے بارے میں وزیر نے کہا کہ بجلی کے نرخوں میں اضافہ کا فیصلہ کانگریس حکومت نے نہیں بلکہ سابقہ ریاستی حکومت نے لیا تھا۔ بجلی کے نرخوں میں نظر ثانی سالانہ کے ای آر سی کی طرف سے کی جاتی ہے۔ اس سے حکومت کا کچھ لینا دینا نہیں ہے۔ دودھ کی قیمت میں اضافہ کی تجویز کے بارے میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اس کے بارے میں وہ متعلقہ لوگوں سے بات کریں گے۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ کرناٹک میں کانگریس حکومت نے غریبوں کی مدد کے لئے جو پروگرام اپنائے ہیں ان میں مرکز کی بی جے پی حکومت رخنہ ڈالنے کی کوشش کر رہی ہے۔کانگریس حکومت کی طرف سے چاو ل مفت فراہم نہ کئے گئے تو دھرنا دینے سابق وزیر اعلیٰ ایڈی یورپا کے اعلان پر سدارامیا نے کہا کہ ایسا کرنے کی بجائے وہ مرکزی حکومت سے گزارش کر کے کرناٹک کو چاول فراہم کروائیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو چاول فراہم کرنے کے لئے حکومت کی طرف سے مختلف ایجنسیوں سے بات چیت جاری ہے۔