یوسی سی بل پاس ہونے کی صورت میں 60قانون سازوں کی سرکاری رہائش گاہوں کو نذر آتش کرنے کا انتباہ

سلائیڈر نیشنل نیوز
دہلی:۔ ناگالینڈ میں ایک تنظیم نے دھمکی دی ہے کہ اگر ریاستی اسمبلی نے مرکز کے دباؤمیں آکر یکساں سیول کوڈ (یو سی سی) کی حمایت میں بل پاس کیا تو تمام 60قانون سازوں کی سرکاری رہائش گاہوں کو نذر آتش کردیا جائے گا۔دی ہندومیں شائع رپورٹ کے مطابق ناگالینڈ ٹرانسپی رینسی، پبلک رائٹس ایڈوکیسی اینڈ ڈائریکٹ ایکشن آرگنائزیشن نے کہا ہے کہ یو سی سی کو نافذ کرنے سے ریاست کو دیئے گئے خصوصی آئینی حقوق کی خلاف ورزی ہوگی اور ناگا لوگوں کے منفرد رسوم و رواج کی بھی خلاف ورزی ہوگی۔ تنظیم نے ایک بیان میں کہا کہ اگر یو سی سی کو منظوری دی جاتی ہے تو اس کے اراکین ناگالینڈ کے قانون سازوں کی سرکاری رہائش گاہوں کو آگ لگانے کی حد تک جانے سے دریغ نہیں کریں گے۔عیسائی اکثریتی ناگالینڈ کی رائزنگ پیپلز پارٹی نے یہ بھی کہا کہ یو سی سی آرایس ایس کے ایک قوم، ایک مذہب، ایک زبان پر زور دینے کے خیال کے مطابق ہے۔میگھالیہ میں، ہینوٹریپ یوتھ کونسل نے کہا کہ وہ یو سی سی کو لاگو کرنے کے اقدام کے خلاف لاءکمیشن آف انڈیا کو لکھے گی۔ کونسل کے چیئرمین رابرٹ یون خرجہرین نے کہا کہ یو سی سی مقامی رسم و رواج، قوانین اور یہاں تک کہ آئین کے چھٹے شیڈول کو بھی متاثر کریگا۔شیلانگ میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے، سیول سوسائٹی خواتین کی تنظیم کی صدر اگنیس کھرشنگ نے کہاکہ آئین ہندوستان کے لوگوں کیلئے ہے نہ کہ کچھ سیاسی قوتوں کو خوش کرنے کیلئے۔ اگر یو سی سی کو نافذ کرنا ہے تو پہلے انہیں ملک کے ہر شہری کو قائل کرنا ہوگا۔ عوام کو دیکھنا ہو گا کہ ان کے نمائندے کس پر عملدرآمد کر رہے ہیں۔یو سی سی کی مخالفت میگھالیہ، میزورم اور ناگالینڈ میں سب سے زیادہ مضبوط رہی ہے، جہاں 2011کی مردم شماری کے مطابق بالترتیب 74.59 فیصد، 86.97 فیصد اور 87.93 فیصد عیسائی ہیں۔ دیگر شمال مشرقی ریاستوں نے ردعمل ظاہر کرنے سے پہلے مسودے کا مطالعہ کرنے کو کہا ہے۔