سولیا:۔ ہندوتوا وادی لیڈر پروین کمار نیٹارو قتل کیس کی تحقیقات کرنے والی نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی نے مفرور کلیدی ملزمین کی جائداد ضبط کرنے کی تیاری مکمل کر لی ہے ۔خیال رہے کہ مفرور ملزمین کو اس سے قبل آگاہ کیا گیا تھا کہ وہ 30 جون تک اپنے آپ کو افسران کے سامنے سرینڈر کریں ، بصورت دیگر ان کی جائدادیں ضبط کردی جائیں گی ۔ اس ضمن میں مفرور ملزمین کے گھروں کی دیواروں پر نوٹس چپکانے اور متعلقہ گھر والوں کو ضبطی کے تعلق سے آگاہ کرنے کےعلاوہ این آئی اے کی طرف سے سولیا شہر میں مائک پر اعلان بھی کروایا گیا تھا ۔ مفرور کلیدی ملزمین عمر فاروق اور مصطفیٰ پیچار کا اتا پتہ بتانے والوں کے لئے نقد رقم انعام دینے کا بھی اعلان پہلے ہی کیا جا چکا ہے ۔ ملزمین سرینڈر نہ ہونے کی صورت میں ان کی جائداد قرق کرنے کے لئے این آئی اے اسپیشل کورٹ سے اجازت بھی حاصل کر لی گئی ہے ۔چونکہ مقررہ تاریخ تک ملزمین نے اپنے آپ کو پولیس کے حوالے نہیں کیا ہے اس لئے این آئی اے نے محکمہ مالگزاری اور دیگر ذرائع سے ان ملزمین کی منقولہ و غیر منقولہ جائدادوں کے تعلق سے تفصیلات جمع کرنے اور ضبطی کے لئے ضروری کاغذی کارروائی کا عمل شروع کیا ہے ۔
