بنگلورو:۔ کرناٹک اسمبلی بجٹ اجلاس کے دوران ایک ایسا واقعہ پیش آیا جس نے سب کو دنگ کر دیا۔ اسمبلی کے جاری اجلاس میں ایک شخص اندر داخل ہوا اور جنتا دل (ایس) کے ایم ایل اے کریاما کی کرسی پر بیٹھ گئے۔ بعد میں اس شخص کو پولیس نے گرفتار کر لیا۔ اس شخص کی عمر تقریباً 70 سال بتائی گئی ہے۔ پولیس نے بتایا کہ یہ شخص چتردرگہ ضلع کا رہنے والا ہے۔پولیس کی جانب سے اس شخص کے اسمبلی بلڈنگ میں داخل ہونے کی وجہ بھی کافی دلچسپ ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اس کی اسمبلی اجلاس میں شرکت کی شدید خواہش تھی۔ اس لیے وہ اندر چلا گیا۔ اس شخص کی شناخت اس وقت ہوئی جب جے ڈی ایس کے ایک ایم ایل اے نے اسے دیکھا۔ اس کے فوراً بعد انہوں نے اسپیکر اور سیکرٹری اسمبلی کو آگاہ کیا۔ ایم ایل اے نے انہیں بتایا کہ ایم ایل اے کریاما کی سیٹ پر ایک نامعلوم شخص بیٹھا ہوا ہے۔ اس کے بعد جب اس شخص سے پوچھ گچھ کی گئی تو وہ خود کو ایم ایل اے کہنے لگا۔اس کے بعد سیکورٹی اہلکاروں کو گھسنے والے کو اسمبلی سے باہر لے جانے کے لیے بلایا گیا۔ اس واقعہ کے بارے میں اسپیکر اسمبلی کو بھی آگاہ کر دیا گیا ہے۔ اس واقعہ نے کرناٹک میں اسمبلی کے سیکورٹی انتظامات پر سوال کھڑے کر دیے ہیں۔ افسران نے تفتیش شروع کی اور واقعے کے چند گھنٹے بعد اسے گرفتار کر لیا۔ کرناٹک کے وزیر اعلیٰ سدارامیا نے جمعہ کو اسمبلی میں اپنا ریکارڈ 14 واں بجٹ پیش کیا۔ یہ نئی بننے والی کانگریس حکومت کا پہلا بجٹ بھی تھا۔
