شیموگہ:۔جامع کوئمپو کا33واں یوم تاسیس آج مختلف خصوصیات کاحامل رہاہے۔جملہ141 طلباء نے سونے کےتمغات حاصل کئے،ریاست کے گورنر تھاور چند گہلوٹ نے طلباء سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ طلباء اپنی تعلیم کو جاری رکھیں اور مستقبل سنواریں۔اس موقع پر مہمان خصوصی کے طورپر شرکت کرنےوالے اسروکے سائنسدان پدما بھوشن وپدما شری ایوارڈ یافتہ ڈاکٹر بی این سریش نے کہاکہ ڈگری حاصل کرنےوالے طلباء سماج کو سدھارنے میں اہم کردار کریں،ملک کے مسائل کو اپنے طریقوں سے حل کرنے کیلئے آگے آئیں،اس وقت ماحولیات تبدیلیاں،ایندھن کے مسائل اہم ہیں،ان مسائل کوحل کرنے کیلئے طلباء کو آگے آنا چاہیے،جس طرح سے مختلف کہکشائیں ہیں،اسی طرح سے طلباء کو اپنے طورپر کہکشائوں کو بناتے ہوئے اس دُنیا کو روشن کرنے کی ضرورت ہے۔مستقبل میں ہر دن ایک نیا درس دیگا،اس درس میں بہت کچھ سیکھنے کو ملے گا،نئی معلومات،نئے تبصروں سے اس سماج کو بہتر بنایاجائے۔بھارت اس وقت معاشی سطح پر پانچواں مقام حاصل کیاہے،جلدہی تیسرے مقام پر پہنچنےوالاہے،خلائی تحقیق میں بھارت کا مقام اونچاہے،آنےوالے دنوں میں یہ مزید ترقی کرنےوالا ہے ۔ یوم تاسیس کے موقع پر جملہ98 مرد اور 61 خواتین کو مختلف تحقیقی مقالوں پر پی ایچ ڈی کی سنددی گئی۔جملہ9251 خواتین سمیت 14750 طلباء نے یونیورسٹی سے ڈگری حاصل کی ہے ،مختلف کورسس میں 74 طلباء نے141 سونے کے تمغات حاصل کئے ہیں۔کوئمپو یونیورسٹی کا یوم تاسیس اردو شعبے کیلئے بھی سنہراثابت ہوا ہے ۔ اس کانوکیشن میں بی اے کی طالبات نے گولڈمیڈل حاصل کیاہے،جن میں شبرین بیگم بن احمد بیگ نے گڑی ناڈوگاندھی میموریل گولڈمیڈل حاصل کیا ہے ، طالبہ شبرین بیگم نے بی اے کے زمرے میں سب سے زیادہ نمبرات حاصل کئے ہیں۔اسی طرح سے ایک اور طالبہ اُم ہانی نے گڑی ناڈو گاندھی میموریل گولڈمیڈل حاصل کیاہے۔دونوں طالبات کے نمبرات یکساں ہونے کے سبب اس گولڈمیڈل کو برابرکا حقدار قراردیاگیاہے۔یونیورسٹی کے پی جی زمرے میں ایم اے اردوکی طالبہ ترنم بانونے4/گولڈمیڈل اورانجم نےایک سونے کا تمغہ حاصل کیاہے۔ترنم بانو نےایم اے کے سمسٹر 1اورسمسٹر2میں سب سے زیادہ نمبرات حاصل کرنے پر قادرمحی الدین گولڈ میڈل،بخشی سید محمود گولڈمیڈل، فارسی زبان میں سب سے زیادہ نمبرات حاصل کرنے پر عبدالرزاق صاحب دندوڑی ایوارڈ حاصل کیاہے،جبکہ عربی زبان میں سب سے زیادہ نمبرات حاصل کرنے پر طالبہ انجم کوہیرے ہال ابراہیم گولڈمیڈل ملاہے۔اس دفعہ ڈاکٹر حافظ کرناٹکی کی جانب سے ایم اے اردومیں پہلا رینک حاصل کرنےوالے طلباء کو بصیرانساء نذیرپاشاہ گولڈمیڈل دینے کا اعلان کیاگیاتھا،حافظ کرناٹکی نے پچھلے دنوں کوئمپو یونیورسٹی کا دورہ کرتے ہوئے یونیورسٹی کے شعبہ اردوکو فروغ دینے اور شعبہ اردومیں زیرتعلیم طلباء کی ہمت افزائی کرنے کےمقصدسے اپنی والدہ بصیرانساء کے نام سے خصوصی گولڈ میڈل جاری کرنے کا اعلان کیاتھا،اس اعلان کے مطابق آج جامع کوئمپومیں ہونےوالے یوم تاسیس کے موقع پر ایم اےاردوکے چاروں سمسٹرمیں نمایاں کارگردگی کرنےوالے طالب العلم کاانتخاب کیاگیاتھا،جس میں ترنم بانو کو اردو ایم اے میں رینک حاصل کرنے پر بصیر انساء نذیرپاشاہ گولڈمیڈل سے نوازا گیاہے۔واضح ہوکہ حافظ کرناٹکی کی اردو دوستی کو یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ویربھدرپا نے سراہتے ہوئےیونیورسٹی کے طلباء کیلئے جاری کردہ گولڈ میڈل کی ستائش کی اور بتایاکہ اس طرح کے ادب نوازوں کی سماج کو بہت ضرورت ہے۔
