امپھال:۔منی پور میں پیدا نسلی تشدد معاملے پر سی بی آئی ایکشن میں نظر آ رہی ہے ۔ اب تک اس نے 6 ایف آئی آر درج کر لی ہے اور 10 لوگوں کی گرفتاری بھی عمل میں آ چکی ہے۔ اتنا ہی نہیں، سی بی آئی ساتویں ایف آئی آر بھی جلد درج کرنے کی تیاری کر رہی ہے۔ یہ ایف آئی آر منی پور کو شرمسار کر دینے والی اس ویڈیو سے متعلق ہوگی جس میں دو خواتین کو میتئی طبقہ کی بھیڑ نے برہنہ کر برسرعام پریڈ کرایا تھا۔قابل ذکر ہے کہ 27 جولائی کو ہی مرکزی حکومت نے سپریم کورٹ میں حلف نامہ دیا تھا کہ منی پور حکومت کے مطالبہ پر برہنہ پریڈ معاملے کو بھی سی بی آئی کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ سی بی آئی نے فی الحال اس معاملے کی جانچ باضابطہ طور پر اپنے ہاتھ میں نہیں لی ہے، لیکن جلد ہی اس طرف پیش قدمی کی جائیگی۔قابل ذکر بات یہ ہے کہ جن 10 لوگوں کی گرفتاری منی پور تشدد معاملے میں سی بی آئی نے کی ہے، یہ ان گرفتاریوں سے الگ ہے جو کہ منی پور پولیس نے اجتماعی عصمت دری اور وائرل ویڈیو معاملے میں کی تھی۔ منی پور پولیس نے خواتین کی برہنہ پریڈ معاملے میں 8 لوگوں کو گرفتار کیا ہے۔ یعنی اس طرح سے مجموعی گرفتاریوں کی تعداد 18 ہو جاتی ہے۔واضح رہے کہ منی پور میں تشدد والے حالات پیدا ہوئے 86 دنوں سے زیادہ کا وقت گزر گیا ہے۔ حال ہی میں جب منی پور میں دو خواتین کو برہنہ گھمانے والی ویڈیو سامنے آئی تو شرمسار کر دینے والا یہ واقعہ سوشل میڈیا کے ذریعہ وائرل ہو گیا۔ اس ویڈیو کو لیکر ملک بھر میں ناراضگی دیکھنے کو ملی تھی۔ سپریم کورٹ نے تو اس معاملے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے از خود نوٹس لیا تھا۔
