بنگلورو:۔ڈی جے ہلی اور کے جے ہلی کے فسادات میں ملوث ہونے کا الزام جھیل رہے115 ملزمان کو کرناٹکا ہائی کورٹ نے صبح ضمانت منظورکی ہے۔اس معاملے میں ڈیفالٹ ضمانت کیلئے مزمل پاشاہ سمیت115 ملزمان نے عدالت میں عرضی دائرکی تھی۔جس کی سنوائی جسٹس ایس وشواناتھ پر مشتمل بینچ نے کی اور115 ملزمان کو ضمانت منظورکی ہے۔ڈی جے ہلی اور کے جے ہلی معاملے کی تحقیقات مکمل کرنے کیلئے این آئی اے کی عدالت نے این آئی اے کو90 دنوں کا وقت دیاتھا اور یہ وقت قانون کے مطابق زیادہ بتاتے ہوئے115 ملزمان نے ضمانت کیلئے عرضی دائرکی تھی اور ہائی کورٹ کو بتایاتھاکہ 90 دنوں میں جوچارچ شیٹ دائرکرنی تھی وہ اب تک دائرنہیں کی گئی ہے۔سپریم کورٹ کے احکامات کے مطابق تحقیقات کیلئے مزید مہلت لینے کی اطلاع ملزمان کو دینی ہوتی ہے لیکن این آئی اے نے ملزمان کو اس کی اطلاع نہیں دی تھی،جس کی وجہ سے این آئی اے نے قانون کو پامال کیا ہے۔ڈی جے ہلی اور کے جے ہلی فسادات کے تعلق سےملزمان پر کرناٹکا پولیس نے پہلے عوامی املاک کو تباہ کرنے،قانونی نظم ونسق میں خلل پیدا کرنے اور مذہبی فرقہ وارایت کو بڑھاوادینے کاالزام لگاتے ہوئے معاملہ درج کیاتھا،اس کے بعد بی جے پی حکومت کی ایما پر اس معاملے کی تحقیقات کی ذمہ داری نیشنل انوسٹیگیشن ایجنسی یعنی این آئی اے کو دی تھی۔این آئی اے نےتحقیقات کرتے ہوئے ملزمان پر تحقیقات مکمل ہونے سے پہلےہی یواے پی اے کے تحت معاملات درج کئے تھے۔115ملزمان کو ضمانت دینے کے فیصلے کے بعد ملزمان کو راحت کی سانس لی ہے اور پورے دس مہینے بعد ان ملزمان کی رہائی کی راہیں ہموار ہوئی ہیں۔
