ہولے ہنور:۔شیموگہ ضلع کے بھدراوتی تعلقہ کے ہولے ہنور گرام پنچایت میں گاندھی جی کے مجسمے کو شرپسندوں نے تباہ کیاہے۔یہ واقعہ20 اگست کی رات کو پیش آیاہے،اس واقعے کے بعد گائوں میں شدیداحتجاج ہواجس کی وجہ سےکچھ وقت تک حالات حساس ہوگئے تھے۔گائوں والوں نے آج صبح سے ہی راستہ روک کر احتجاج کیا اور مہاتما گاندھی کے مجسمے کو توڑنےوالوں کے خلاف کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا۔صبح درپیش اس احتجاج کی وجہ سے کئی گھنٹوں تک ٹرافک جام رہا۔شرپسندوں نے گاندھی جی کے مجسمے کوپوری طرح سے تہس نہس کیاہے۔اطلاع پاکر پولیس کے اعلیٰ اہلکار موقع پر پہنچے اور حالات کا جائزہ لیا۔اسی دوران فنگرپرنٹ ٹیم بھی موقع پر پہنچ کر انگلیوں کے نشانات حاصل کئے۔واقعے کی اطلاع پاکرشیموگہ رورل اسمبلی حلقے کی رکن اسمبلی شاردا پوریا نائک نے بھی حالات کا جائزہ لیااور یقین دلایاکہ وہ اس سلسلے میں سخت کارروائی کرنے کیلئے پولیس پر دبائو ڈالینگے۔دریںا ثناء وزیر اعلیٰ سدرامیانے بھی بتایاکہ جن شرپسندوں نے اس واردات کو انجام دیاہے اُن کے خلاف کڑی قانونی کارروائی کی جائیگی۔ایس پی متھون کمارنے واضح کیاہے کہ اس معاملے کی تحقیقات کیلئے تین ٹیموں کو تشکیل دیاگیاہے جو جانچ میں لگی ہوئی ہے۔ بتایاجارہاہے کہ یہ مجسمہ پولیس تھانے کے بالکل قریب ہے،باوجود اس کے شرپسندوں نے اس حرکت کو انجام دیاہے۔سوال یہ ہے کہ پولیس کے ذریعے لگائے گئے سی سی کیمرے کیاکررہے تھے؟۔
