شیموگہ میں ڈینگو کا قہر؛198 معاملات کی تصدیق

ڈ سٹرکٹ نیوز سلائیڈر
شیموگہ:۔شیموگہ ضلع میں ڈینگو،چکن گنیا جیسے امراض کی وباء تیزی کے ساتھ پھیل رہی ہے،جس کے بعد محکمہ صحت عامہ کے اہلکار گھرگھر جاکر لاروا اور بخار کا جائزہ لے رہے ہیں،ساتھ ہی ساتھ ڈینگو اور چکن گنیا سے بچنے کیلئے لوگوں میں بیداری لارہےہیں۔پچھلے مہینے میں ڈینگوکے198 معاملات کی تصدیق کی جاچکی ہے۔پچھلے سال انہیں ایام میں220 ڈینگو کے معاملات درج کئے گئے تھے ،لیکن امسال ایک مہینے میں ہی198 ڈینگوکے معاملات درج کئے گئے ہیں۔مچھروں سے پھیلنےوالی اس بیماری سے بچنے کیلئے پاکی صفائی کا اہتمام کرنے کی ہدایت دی گئی ہے،اس کے علاوہ محکمہ صحت عامہ کے افسروں کو ہر پندرہ دن میں ایک دفعہ متاثرہ علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے احتیاطی تدابیر اختیارکرنے کی ہدایت دی جارہی ہے۔محکمہ صحت عامہ نے تجویزدی ہے کہ کسی بھی طرح کی بخارآنےپر لاپرواہی نہ برتیں،بلکہ فوراً علاج کروایا جائے،پینے کیلئے گرم پانی کا استعمال کیاجائے،پانی کے ٹینک کو بند رکھیں اور برتنوں میں پانی جمع نہ کریں۔ مچھروں سے بچنے کیلئے کھڑکیوں کو بند رکھاجائے ۔دوسری جانب شیموگہ شہرمیں پاکی صفائی کافقدان دیکھاجارہاہے ، بارش نہ ہونے کی وجہ سے بہت سارے علاقوں میں پانی کا بہائو رُک گیاہے،کیچڑکی وجہ سے مچھروں کی پیداوار میں اضافہ ہواہے۔کارپوریشن کے اہلکار کچھوئوں کی رفتارپکڑکر نالوں کی صفائی کررہے ہیں،جس سے شیموگہ شہرمیں بھی ڈینگو پھیلنے کے خدشات زیادہ ہوچکے ہیں۔