26ستمبر کو36 لوگوں کے ساتھ کانگریس میں شامل ہونگے سری کانت

ڈ سٹرکٹ نیوز سلائیڈر
شیموگہ:۔جے ڈی ایس کو گوڈبائے کہہ کر26 ستمبر کو36 حامیوں کے ساتھ کانگریس میں شامل ہونے کیلئے جے ڈی ایس کے ضلعی صدر ایم سری کانت نے اعلان کیاہے۔انہوں نے اس سلسلے میں پریس کانفرنس میں بات کرتے ہوئے کہاکہ کانگریس میں شامل ہونے کیلئے میں کئی سالوں سے غورکررہاتھا،لیکن اب یہ وقت آچکاہے،یہ صرف میرے اکیلے کا فیصلہ نہیں ہے بلکہ میرے حامیوں نے بھی اس کیلئے رضامندی ظاہرکی ہے۔26 ستمبر کو میں اپنے حامیوں کے ساتھ بنگلوروکے کے پی سی سی دفترمیں کانگریس میں شامل ہونے جارہاہوں اور جو ذمہ داری پارٹی مجھے دیگی اُس ذمہ داری کو پوری طرح سے نبھائونگا۔پارٹی میں شمولیت کے دوران ریاست کے نائب وزیر اعلیٰ اور پارٹی کے صدر ڈی کے شیوکمار،ریاستی وزیر مدھو بنگارپا ، سابق ریاستی وزیر کیمانے رتناکر،کانگریس کے ضلعی صد ر ایچ ایس سندریش ، رکن اسمبلی بی کے سنگھ میش،بیلورو گوپال کرشنا،آرایم منجوناتھ گوڈاوغیرہ شریک رہینگے ۔میںپچھلے22 سالوں سےجے ڈی ایس میں وفاداری کے ساتھ کام کرتا رہاہوں،پارٹی نے مجھے کئی ذمہ داریاں دی تھیں،دیوے گوڈا اور کمارسوامی نے مجھے بہت زیادہ اہمیت دی تھی ،میں اُن کا احسان مندرہونگا،بعض وجوہات کی بناء پر میں کانگریس میں شامل ہورہاہوں،ماضی میں میں شیموگہ اسمبلی حلقے سے امیدوار بھی رہا،لیکن بہت کم ووٹوں سے شکست پائی تھی،دوسری مرتبہ بھی اسمبلی حلقے کا امیدوار رہا،لیکن مجھے کامیابی نہیں ملی تھی،اُسی وقت میں نے کانگریس میں شامل ہونے کا فیصلہ کیاتھالیکن عین انتخابات کے وقت ایک پارٹی کو چھوڑکر جانا مناسب فیصلہ نہیں تھا،اس لئے میں نے جے ڈی ایس میں رہ کر پارٹی کیلئے کام کیا۔اس وقت ریاست میں کانگریس پارٹی اقتدارمیں ہےاور مجھے اُمیدہے کہ آنےوالے دنوں میں کانگریس پارٹی مزید مضبوط ہوگی اور پارلیمانی انتخابات میں اچھی کارگردگی دکھائیگی ۔ میرے ساتھ جے ڈی ایس کے کئی لیڈران کانگریس میں شامل ہونے جارہے ہیں اور یہ قدم کانگریس پارٹی کیلئے بہتر ثابت ہوسکتاہے۔