دہلی: ملک میں ون نیشن ون الیکشن کے سلسلے میں بدھ (25 اکتوبر) کو سابق صدر رام ناتھ کووند کی صدارت میں کمیٹی کی دوسری میٹنگ ہوئی۔ اس میں مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ، سابق سالیسٹر جنرل ہریش سالوے، جموں و کشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ غلام نبی آزاد کے علاوہ لاء کمیشن کے چیئرمین ریتو راج اوستھی موجود تھے۔ اس دوران لاء کمیشن کی طرف سے ایک مکمل روڈ میپ پیش کیا گیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں لاء کمیشن نے بتایا ہے کہ اگر ملک میں ون نیشن، ون الیکشن نافذ کرنا ہے تو اس کے لیے قانون اور آئین میں کیا ترامیم کرنی ہوں گی۔ ذرائع کے مطابق کمیشن نے کمیٹی کو بتایا کہ فی الحال 2024 کے انتخابات میں ون نیشن ون الیکشن کا نفاذ ممکن نہیں تاہم اسے 2029 میں نافذ کیا جا سکتا ہے۔اس سے پہلے آئین میں ترمیم کرنا پڑے گی۔ اس بار کمیٹی نے لا کمیشن کے چیئرمین کو اپنے دوسرے اجلاس میں شرکت کی دعوت بھی دی تھی۔ کمیٹی جاننا چاہتی ہے کہ ملک میں ایک ساتھ الیکشن کیسے کرائے جا سکتے ہیں۔ اس لیے لاء کمیشن کو اس کی تجاویز اور آراء جاننے کے لیے بلایا گیا۔
