اڈپی: (انقلاب نیوزبیورو):۔مندر ، مسجد اورچرچ سے ہماری عقیدت ہے۔ ان مراکز کی حفاظت کی ذمہ داری ہمارا فریضہ ہے۔ کسی بھی سماج ومذہب کو اگر ٹھیس پہنچائی جاتی ہے تو ہمارا بھلا نہیں ہوگا۔ اس بات کا اظہار مرکزی وزیر شوبھا کروندلاجے نے کیا ہے۔ انہوں نے یہاں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اگر کسی جگہ پر غیر قانونی طریقے سے عبادت گاہوں کی تعمیر ہوئی ہو ، یا وہ پہلے سے ہی موجود ہوںتو ان عبادت گاہوں کی منتقلی کے تعلق سے پہلے متعلقہ سماج کے لوگوں کو آگاہ کیا جائے پھر انہیں قانونی رکاوٹوں کے تعلق سے بیدار کیا جائے اسکے بعد عبادت گاہوں کی منتقلی یا انہدام کے تعلق سے فیصلے لئے جائیں۔ اچانک لئے جانے والے فیصلوں سے حالات بگڑنے کے امکانات ہوتے ہیں۔ ملک کے مختلف مقامات پر ہندو دھرم کی کمزوریوں کا غلط استعمال کرتے ہوئے تبدیل مذہب کی مہم چل رہی ہیں۔ تبدیل مذہب کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائےگی۔ اسکے علاوہ موجودہ قوانین کو بدل کر مزید سخت قوانین بنانے کیلئے پیش رفت کریگی۔ شوبھا کرندلاجے نے کہاکہ جی ایس ٹی کے حدود میں پیٹرولیم کو لایا جائےتو پیٹرلیم کی قیمتوں میں کمی آسکتی ہے۔ اس لئے جلد ہی پیٹرولیم کی قیمتوں میں بھی کٹوتی کی جائےگی۔
