باگھ کے ناخن بنے معروف شخصیات کیلئے سردرد،ریاست بھرمیں جابجا چھاپے،گرفتاریاں

اسٹیٹ نیوز سلائیڈر
بنگلورو:۔کنڑبگ باس نامی ریالیٹی شومیں حصہ لینےوالے ورتور سنتوش کو وائلڈ انیمل ایکٹ کے تحت گرفتارکیاگیاتھا،جس کے بعد عوامی سطح میں اس بات کی خوب چرچہ ہونے لگی کہ کیا حکومت تمام سیاستدانوں ،فلم اداکاروں اور معروف شخصیات کے خلاف بھی کارروائی کریگی،اس سوال کے اُٹھنے کے بعد محکمہ پولیس اور محکمہ جنگلات کی طرف سے ریاست کے مختلف مقامات پر کارروائیاں کا سلسلہ چل رہاہے۔اسی دوران سابق وزیر اعلیٰ کے بیٹے نکھل کمارسوامی،فلم اداکار وپیندرا،درشن، دھننجئے سوامی،جگیش سمیت کئی سیاستدانوں کے خلاف بھی کارروائیاں کی جارہی ہیں ۔ دراصل یہ مسئلہ اُ س وقت منظرِ عام پرآیاہے جب ورتورسنتوش نامی بگ باس میں حصہ لینےوالے شخص کے گلے میں باگھ کے ناخنوں سے بنے ہوئے لاکیٹ کو لیکر محکمہ جنگلات نے ان کے خلاف کارروائی کی تھی۔باگھ کے ناخن کو استعمال کرنا ہندوسماج میں بابرکت ماناجاتاہے،اس کے علاوہ یہ لاکیٹ شان کی بات مانی جاتی ہے۔لیکن فاریسٹ اینڈ انیمل پروٹکشن ایکٹ کے تحت کسی بھی جنگلی جانورکے اعضاء کو خریدنا، فروخت یا استعمال کرنا قانونی جرم ہے،اس لحاظ سے سوال اُٹھایاجارہاتھاکہ جس طرح سے بگ باس کے ورتور سنتوش کو گرفتارکیاگیاہے کیااُسی طرز پر فلم اداکاروں،سیاستدانوں اور معروف شخصیات کے خلاف بھی کارروائی کی جائیگی۔اسی معاملے میں چکمگلوروضلع کے بالے ہنورمیں مندروں کے دو پوجاریوں کو بھی محکمہ جنگلات کی سی آئی ڈی نے گرفتارکیاہے،ان دونوں کے پا س سے باگھ کے ناخن کے لاکیٹ برآمدکئے گئے ہیں۔ محکمہ جنگلات کو کسی نے ای میل کے ذریعے سے اس سلسلے میں شکایت کی تھی۔اسی طرح سے معروف کنڑفلم اداکاراور راجیہ سبھا رکن جگیش کے خلاف بھی باگھ کے ناخن کی لاکیٹ پہننے کا الزام ہے ،ان کے خلاف بھی کارروائی کرتے ہوئے آج پولیس اہلکاران کے گھر پر چھاپہ ماری کی۔جبکہ کمارسوامی کے بیٹے نکھل کمارسوامی کے گلے میں بھی اس لاکیٹ کی موجودگی کی اطلاع ملی ہے،اس پر کمارسوامی نے یہ جواب دیاہے کہ اس کی شادی کے وقت کسی نے اس کے گلے میں یہ لاکیٹ پہنائی تھی،بعدمیں لاکیٹ کو پھینک دیاگیاتھا۔بیجاپورمیں بی جے پی لیڈر ویجو گوڈاپاٹل کے بیٹے کے گھر پر محکمہ جنگلات کے افسروں نے معائنہ کیااور پوچھ تاچھ کی ہے۔ریاست بھرمیں اس وقت باگھ کے ناخنوں کے تعلق سے خوب چرچاچل رہی ہے۔ریاستی وزیر برائے جنگلات ایشور کھنڈرے نے آج محکمہ جنگلات کے اعلیٰ افسروں کی موجودگی میں خصوصی نشست کا انعقادکیاگیاتھا،جس میں بتایاگیاہے کہ جنگلی جانوروں کے اعضاء کی خرید و فروخت اور استعمال کے تعلق سے قانون کو مزید موثر بنایاجائیگا۔دریں اثناء چکمگلوروضلع کےمذہبی پیشواء ونئے گروجی کی تصویر منظرِ عام پر آئی تھی جس میں اُنہیں باگھ کی کھال پر بیٹھا دکھایاگیاتھا۔اس تصویر کے وائرل ہونےکے بعد محکمہ جنگلات کے افسران نے آشرم کا معائنہ کیاتھااور ان سے پوچھ تاچھ کی ۔ ونئے گروجی نے افسروں کی پوچھ تاچھ کے بعد اس بات کی وضاحت کی کہ اُن کے پاس باگھ کی یہ کھال محض ایک دن کیلئے ان کے آشرم میں آئی تھی اور اس کھال کو شیموگہ کے امریندرنامی شخص نے قانونی طورپر اپنے پاس رکھا تھا،جسے انہوں نے آشرم کو تحفے میں دیاتھا۔بعدازاں میں نے اُس کھال کو محکمہ جنگلا ت کے حوالے کردیاتھا۔