شیموگہ:۔ریاستی حکومت کے احکامات کے مطابق شیموگہ سمیت 6اضلاع میں لاک ڈائون کے قوانین میں رعایت دی گئی ہے۔اب نئے قوانین کے مطابق صبح6 بجے سے شام5 بجے تک کاروبار کرنے کی اجازت رہے گی اور یہ احکامات 5جولائی کی صبح5 بجے تک نافذ رہیں گے ،البتہ کنٹمنٹ حلقوں میں یہ قوانین نافذ نہیں رہیں گے ۔ ائیر کنڈیشن دکانیں،ائیر کنڈیشن ماولس کو یہ قوانین نہیں ہونگے،تمام صنعتوں ودستکاریوں میں 50 فیصد ملازمین کو لیکر کام کیا جاسکتا ہے ، البتہ گارمنٹس فیکٹریوں میں محض 30 فیصد ملازمین کو استعمال کیا جا سکتا ہے۔ہوٹل،ریسٹورینٹ اور بار کو صبح 6 بجے سے شام5 بجے تک50 فیصد گاہکوں کو داخل کرنے کی گنجائش ہے،البتہ شراب کی دکانوں میں بیٹھ کر شراب پینے کیلئے اجازت نہیں ہوگی۔اسی طرح سے واکنگ اور جاگنگ کیلئے ہی پارکوں میں اجازت رہے گی،جبکہ نان اے سی جم میں 50 فیصد لوگوں کو ہی جم کرنے کی اجازت دی جائیگی۔ہردن شام 7 بجے سے دوسرے دن صبح5 بجے تک نائٹ کرفیو نافذ رہے گا۔ اس دوران صرف ضروری سرگرمیوں کیلئے گھروں سےباہر نکلا جاسکتا ہے ۔ اسی طرح سے ویکینڈ کرفیوکیلئے سختی احکامات جاری کئے گئے ہیں جس میں جمعہ کی شام7 بجے سے پیر کی صبح5 بجے تک ویکینڈ کرفیو رہے گا ۔ بسوں ،ٹرینوں میں سفرکرنے والے اور ہوم ڈیلیوری کرنےو الوں کیلئے کوئی پابندی نہیں رہے گی۔
