شیموگہ؛۔کرناٹکا بی جے پی میں گذشتہ کئی دنوں سےموجودہ صدرنلین کمارکٹیل کی قیادت کو لیکر باہمی رنجشیں چل رہی تھیں،گذشتہ اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کی شرمناک شکست کے بعد نلین کمارکٹیل پر الزامات لگائے جارہے تھے کہ وہ صحیح طریقے سے وہ بی جے پی کی قیادت نہیں کررہے ہیں،ان تمام اعتراضات کے بعد آج بی جے پی کی نیشنل کمیٹی نے کرناٹکا بی جے پی کے ریاستی صدر کےعہدے پر بی وائی وجیندراکو ذمہ داری سونپی ہے ۔ بی وائی وجیندراسابق وزیر اعلیٰ بی ایس یڈی یورپاکے بیٹے ہیں اور وہ اس وقت شکاری پور اسمبلی حلقے کے رکن اسمبلی بھی ہیں۔بی وائی وجیندراکو ریاستی صدربنانےسے قبل مختلف ناموں کا تذکرہ ہورہاتھا،جس میں مرکزی وزیر شوبھا کروندلاجے،بیجارپورکے رکن اسمبلی بسوانا گوڈاپاٹل یتنال، پرہلاد جوشی اور سی ٹی روی سرفہرست تھے،لیکن ریاست میں لنگایت سماج کو اہمیت دینے کے مقصد سے بی جے پی نے سابق وزیر اعلیٰ بی ایس یڈی یورپاکے بیٹے بی وائی وجیندراکو بی جے پی کے ریاستی صدرکا عہدہ دیاہے۔حالانکہ بی جے پی میں ہی یڈی یورپاکی حریف جماعت بھی ہے،جو یڈی یورپااور ان کے بیٹے وجیندرااور راگھویندراکو پارٹی میں اعلیٰ عہدے دینے کے معاملے کو لیکر اعتراضات درج کرتے رہے ہیں۔بی وائی وجیندرا کو مختلف انتخابات میں کنگ میکر کے طورپر بھی مانا جاتا ہے ، اب عمرمیں کم اورمحدود تجربہ رکھنےوالے وجیندرابی جے پی کو کس موڑپر لے جاتے ہیں یہ دیکھناہوگا۔واضح ہوکہ کرناٹکا بی جے پی کے ریاستی صدور کی فہرست میں شیموگہ ضلع سے تعلق رکھنےوالے تین سنگھ پریوارکے اراکین کوبی جے پی کے ریاستی صدرکا عہدہ ملاہے۔سابق وزیر اعلیٰ بی ایس یڈی یورپا،اس کے بعد کے ایس ایشورپا،پھر اب بی وائی وجیندرا بی جےپی کے ریاستی صدر بنے ہوئے ہیں۔تین سال قبل وجیندراکو بی جے پی کے نائب صدرکا عہدہ ملا تھا ،اس دوران انہوں نے ضمنی انتخابات میں نمایاں کارگردگی بتائی تھی۔
