غزہ:۔اسرائیلی فوج نے غزہ کی پٹی کے سب سے بڑے میڈیکل کمپلیکس الشفاء اسپتال کے ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد ابو سلمیہ کو گرفتار کر لیا۔عرب میڈیا کی رپورٹس کے مطابق اسپتال کے ایک شعبے کے سربراہ خالد ابو ثمرہ کا کہنا ہے کہ ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد ابو سلمیہ سمیت کئی دیگر سینئر ڈاکٹروں کو اسرائیلی فوج نے گرفتار کر لیا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی براڈ کاسٹنگ اتھارٹی نے الشفاء اسپتال کے ڈائریکٹر سمیت دیگر ڈاکٹروں کی گرفتاریوں کی تصدیق کر دی ہے۔ڈائریکٹر ڈاکٹر ڈاکٹر محمد ابو سلمیہ کے ایک کزن ادھم ابو سلمیہ نے بھی سماجی رابطہ کی ویب سائٹ ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے ان کی گرفتاری کی تصدیق کی اور لکھا کہ الشفاء میڈیکل کمپلیکس کے ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد ابو سلمیہ کو ان کے کئی ساتھیوں سمیت اسرائیلی قابض افواج نے گرفتار کر لیا ہے۔ میڈیا کی رپورٹس کے مطابق الشفاء اسپتال شمالی غزہ میں اسرائیل کی زمینی کارروائی کے دوران سب سے بڑا ہدف بنا ہوا ہے۔دریں اثنا ایک امریکی اعلیٰ عہدیدار نے بتایا ہے کہ غزہ جنگ میں 4 روز کے وقفے میں ایک روز کی تاخیر کا فیصلہ 4 ملکوں نے کیا ہے۔امریکی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ جنگ میں وقفے میں ایک روز کی تاخیر کا فیصلہ اسرائیل، قطر، مصر اور امریکا نے مل کر کیا ہے۔امریکی اعلیٰ عہدے دار کا کہنا ہے کہ تفصیلات کی حتمی شکل اور غلطیوں کے امکان کم کرنے کے لیے مزید وقت درکار تھا، اسرائیل کو ابھی تک فلسطینی یرغمالیوں کے پہلے گروپ کے نام نہیں ملے ہیں۔واضح رہے کہ اسرائیل نے غزہ میں جنگ بندی پر عمل درآمد کل تک مؤخر کر دیا ہے جس کے بعد جنگ میں وقفہ اور یرغمالیوں کی رہائی کل شروع ہو گی۔یاد رہے کہ 7 اکتوبر سے اب تک اسرائیلی بم باری میں 15 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں جبکہ 33 ہزار سے زیادہ زخمی ہیں۔
