ٹمکورو:۔سودی لین دین سے پریشان ایک ہی کنبے کے پانچ افرادنے خودکشی کرلی ہے ۔یہ واقعہ کرناٹک کے ٹمکوروضلع میں پیش آیاہے۔ٹمکورو شہرکے سداشیونگرمیں ایک شخص اپنی بیوی اور تین بچوں کے ساتھ زہرکھاکر خودکشی کرلی ہے۔خودکشی کرنےوالوں کی شناخت غریب نواز(32)ثمیہ(30)حاجرہ،محمد سبحان اور محمد منیرکے طورپر کی گئی ہے۔بتایا جارہاہے کہ خودکشی کرنےوالاغریب نواز سِرا تعلقہ کے چکناہلی کا ساکن تھا اور وہ گذشتہ کچھ دنوں سے ٹمکوروکے سداشیونگر میں مقیم تھا،اور ایک چھوٹا ہوٹل چلارہاتھا۔ غریب نوازنے مرنےسے پہلے ایک تحریر لکھی ہے جس میں اُس نے بتایاہے کہ اس کا پڑوسی قرضے کی ادائیگی کیلئے ہراساں کررہاتھا،اُس نے کچھ رقم سود پر لی تھی اور اس رقم کو اداکرنے کیلئے وہ مسلسل پریشان کررہاتھا۔سودی لین دین کی وجہ سے غریب نواز پریشان تھااور وہ قرضہ اداکرنے سے قاصررہا۔اس وجہ سے اس نے خودکشی کا راستہ اختیارکیا۔اس سلسلے میں وزیر داخلہ ڈاکٹر جی پرمیشورنے بتایاکہ اس معاملے میںسود پر رقم دینےوالے شخص کے خلاف معاملہ کیاگیاہےاور پانچ ملزمان کو گرفتارکرلیاگیاہے۔واضح ہوکہ ٹمکورو وزیر داخلہ کا آبائی حلقہ ہے،کرناٹک کے مختلف مقامات پر سودی کاروبارعروج پر ہے،اس سلسلے میں پولیس صرف اُسی وقت کارروائی کرنے کی بات کرتی ہے جب اس طرح کے سنگین واقعات پیش آتےہیں۔
