تعلیمی ادارے چلانا مشکل کام ہے،لیکن چلانے کی اشدضرورت ہے:وظیفہ یاب بی ای او رفیق احمد


شیموگہ:۔الہدیٰ اسکول میں منعقدہ سالانہ جلسہ یوم الہدیٰ کا افتتاح وظیفہ یاب بی ای او رفیق احمدنے کیااور اس موقع پر انہوں نے اپنی تقریرمیں کہاکہ الہدیٰ اسکول کی جدوجہد اور خدمات قابل تعریف ہے ۔ تعلیمی ادارے چلانا مشکل کام ہے کیونکہ تعلیمی اداروں کے درمیان مقابلہ زیادہ ہوچکا ہے،لیکن مسلمانوں کو تعلیم کے شعبے میں آگے آنے کی اشد ضرورت ہے۔ آبادی کے لحاظ سے مسلمانوں کی آبادی 18 فیصد ہے مگر تعلیم کے شعبے میں اب بھی مسلمان پسماندہ ہیں۔ خواتین اپنے بچوں کو تعلیم دلانے کیلئے آگے آرہے ہیں یہ خوش آئندبات ہے ۔ بچوں کو تعلیم کے ساتھ ساتھ تربیت دینے کی اشد ضرورت ہے۔ آج تعلیم دینے کے لئے ادارے، حکومتیں اور شخصیات آگے آرہے ہیں لیکن تعلیم حاصل کرنے کیلئے بچے آگے نہیں آرہے ہیں یہ افسوسناک بات ہے ۔ ڈاکٹر امبیڈکر نے کہا تھا کہ پہلے علم حاصل کرو، پھر اپنے حق کے لئے آواز اٹھاؤ ۔ محمداسماعیل سلفی۔ نے اپنے خطاب میں کہاکہ بچے والدین کیلئے امتحان ہیں۔ والدین کی حقیقی کامیابی بچوں کا دین و دنیا میں کامیاب ہونا ہے ۔ آج
خرافات کا شکار ہیں ہمیں ان خرافات سے دوررہنے کی ضرورت ہے۔ بچوں کی توجہ نہ ہٹائیں بلکہ انہیں بہترین تعلیم سے آراستہ کریں۔مہمان خصوصی روزنامہ اج کاانقلاب کے ایڈیٹر مدثر احمد نے اپنی تقریر میں کہاکہ الہدیٰ اسکول کی شاندار کارکردگی، اس کے طلبہ کی تعلیم اور تربیت، اور یہاں کے اساتذہ کی محنت واقعی قابلِ ستائش ہے۔ یہ ادارہ نہ صرف معیاری تعلیم فراہم کر رہا ہے بلکہ ہمارے بچوں کے اخلاق اور کردار کی تعمیر میں بھی اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ والدین حضرات، آپ سب سے میری یہ درخواست ہے کہ آپ اسکول کی ترقی کے لیے اپنی مکمل حمایت اور تعاون جاری رکھیں۔ یاد رکھیں کہ بچوں کی تعلیم اور تربیت میں والدین کا کردار نہایت اہم ہوتا ہے۔ صرف اسکول پر انحصار کرنا کافی نہیں ہے۔مسلم تعلیمی اداروں کو آگے لانے کیلئےہمیں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کرنے کی ضرورت ہے۔ یہ ادارے ہمارے
بچوں کا مستقبل روشن کر سکتے ہیں، بشرطیکہ ہم ان کی مدد کے لیے اپنے وقت، وسائل، اور محبت کو وقف کریں۔ آج کے دور میں جب اخلاقی اور تعلیمی انحطاط ہمارے معاشرے میں ایک بڑا چیلنج بن چکا ہے، یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم اپنے بچوں کو ایک مضبوط بنیاد فراہم کریں، تاکہ وہ مستقبل میں اچھے مسلمان اور معاشرے کے ذمہ دار شہری بن سکیں۔الہدیٰ اسکول نے یہ ثابت کیا ہے کہ اگر نیک نیتی، محنت، اور جدوجہد ہو تو کسی بھی مشکل کو عبور کیا جا سکتا ہے۔ ادارے کے سکریٹری شکیل احمد نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ ادارے کے بانی رکن و خزانچی محمد اسماعیل نے صدارت کی ذمہ داری انجام دی۔اس موقع پرالورودایجوکیشن ٹرسٹ کے صدرشکیل احمد موجودتھے۔ سال بھر بہترین صلاحیتوں کو انجام دینے والے طلباء کو انعامات سے نوازاگیا۔ جبکہ 15 طلباء نے حفظ قرآن مکمل کرنے پر دستار بندی کی گئی،جس میں7 لڑکیاں اور8 لڑکے شامل ہیں۔ طلباء کی جانب سے ثقافتی پروگرام پیش کئے گئے۔ یہ جلسہ الہدیٰ اسکول کی پرنسپل صبیہ بانواور اساتذہ کی نگرانی میں اختتام پذیر ہوا۔
