دہلی: ملک بھر میں نفرت انگیز تقاریر کے بڑھتے ہوئے واقعات کے معاملے میں سپریم کورٹ نے گجرات، کیرالہ، ناگالینڈ اور تمل ناڈو کو نوٹس جاری کیا ہے۔ سپریم کورٹ نے ریاستوں سے کہا کہ وہ بتائیں کہ انہوں نے نوڈل افسر کا تقرر کیا ہے یا نہیں؟ اس کیس کی اگلی سماعت 5 فروری 2024 کو ہوگی۔مرکزی حکومت نے سپریم کورٹ میں اسٹیٹس رپورٹ داخل کرتے ہوئے بتایا کہ 28 ریاستوں نے اپنی اپنی ریاستوں میں نوڈل افسروں کا تقرر کیا ہے۔ اے ایس جی کے ایم نٹراجن نے عدالت کو بتایا کہ گجرات، کیرالہ، ناگالینڈ، مغربی بنگال نے ابھی تک اپنا جواب داخل نہیں کیا ہے۔ نوڈل افسران کی تقرری کے بارے میں بھی کوئی اطلاع نہیں ہے۔سپریم کورٹ نے پوچھا کہ کتنی ریاستوں نے اپنا جواب داخل کیا ہے؟ بنگال حکومت نے عدالت کو بتایا کہ اس نے ایک نوڈل افسر مقرر کیا ہے۔ اے ایس جی نے کہا کہ 11 اکتوبر کو ہوم سکریٹری نے تمام ریاستوں کی میٹنگ بلائی تھی اور اٹھائے جانے والے اقدامات اور تعمیل رپورٹس داخل کرنے کی ضرورت کے بارے میں بتایا تھا۔جسٹس سنجیو کھنہ نے کہا کہ ہم ریاستوں کو نوٹس جاری کریں گے۔ ریاست بتائے کہ نوڈل افسر کا تقرر کیا گیا ہے یا نہیں؟ عرضی گزار کی طرف سے پیش ہونے والے ایڈوکیٹ نظام پاشا نے کہا کہ اگر کوئی شخص نفرت انگیز تقریر کرتا ہے تو اسے دوبارہ جلسوں سے خطاب کرنے کی اجازت دی جاتی ہے۔جسٹس کھنہ نے کہا کہ ہم ذاتی معاملوں سے نہیں نمٹ سکتے، آپ متعلقہ ہائی کورٹ جا سکتے ہیں۔
