بنگلورو:جس طرح سے بنگلوروکے جئے دیوااسپتال میں معیاری علاج کی سہولت ہے،اسی طرزپر ریاست کے تمام سرکاری اسپتالوں میں معیاری علاج فراہم کرنے کیلئے حکومت پابندہے۔اس بات کااظہار وزیر اعلیٰ سدرامیانے کیاہے۔محکمہ صحت عامہ کی جانب سے ریاست میں262 جدید سہولیات سے آراستہ ایمبولنس(108) کو ہری جھنڈی دکھانے کے بعد انہوں نے کہاکہ اگر کوئی مریض پُرانے کپڑے یا پھٹے ہوئے کپڑے پہن کر سرکاری اسپتال پہنچتاہے تواُسے گری ہوئی نگاہ سے نہ دیکھیں بلکہ اُس کا معقول علاج کریں،علاج کے بغیرکوئی اپنی جان نہ گنوائے ،بروقت علاج مل سکے اس کیلئے ریاستی حکومت نےنئے ایمبولنس کاآغازکیاہے۔ریاست کیلئے مزید840 ایمبولنس درکارہیں،ہر تعلقہ میں چار ایمبولنس خدمات پر لگائے گئے ہیں،جس سے ہر دن سینکڑوں مریض اسپتال پہنچ رہے ہیں۔ایمبولنس میں ہی ابتدائی علاج کی سہولت مہیاکی جارہی ہے۔ہر ضلعی اسپتال میں ایم آر آئی، اسکیانگ کی سہولت ہو،پرائیوئٹ ڈیاگنوسٹک سینٹرمیں جانچ کروانے کیلئے غریبوں کو بڑے پیمانے پر رقم اداکرنی پڑتی ہے،اس وجہ سے ہر ضلعی اسپتال میں ایم آر آئی اسکیانگ کی سہولت فراہم کی جائیگی۔جس طرح سے جئے دیوااسپتال میں تمام طرح کی سہولیات موجودہیں،اسی طریقے سے دوسرے اضلاع میں بھی طبی سہولیات مہیا کی جائیں۔اس نشست کی صدارت رکن اسمبلی رضوان ارشدنے کی،وزارت صحت کےوزیر دنیش گنڈورائو وغیرہ موجودتھے۔
