مرکز نے مارچ تک پیاز کی برآمد پر پابندی لگا دی ،ناسک کے کسانوں کا احتجاج

سلائیڈر نیشنل نیوز
دہلی:۔مرکز نے بڑھتی ہوئی مقامی قیمتوں کو روکنے کے لیے پیاز کی برآمد پر 31 مارچ 2024 تک پابندی عائد کر دی ہے۔ ڈائریکٹوریٹ جنرل آف فارن ٹریڈ (DGFT) کے حکم میں کہا گیا "پیاز کی برآمد کی پالیسی میں 31 مارچ 2024 تک ترمیم کر کے ممنوع کر دی گئی ہے۔‘‘اس سے قبل، 19 اگست کو، مرکزی حکومت نے پیاز کی برآمد پر 31 دسمبر تک 40 فیصد ڈیوٹی عائد کی تھی، تاکہ بڑھتی ہوئی قیمتوں کے درمیان گھریلو دستیابی میں اضافہ ہو اور مقامی صارفین کو راحت فراہم کی جا سکے۔اپنے حکم میں، ڈی جی ایف ٹی نے یہ بھی کہا کہ تاہم پیاز کی برآمدات کی اجازت حکومت کی طرف سے ان کی درخواست کی بنیاد پر دوسرے ممالک کو دی گئی اجازت کی بنیاد پر دی جائے گی اور وہ کھیپ، جن کی لوڈنگ تازہ نوٹیفکیشن سے پہلے شروع ہو چکی تھی، کو برآمد کرنے کی اجازت ہے۔انگریزی روزنامہ ’دی ہندو‘ میں شائع خبر کے مطابق 31 مارچ 2024 تک پیاز کی برآمد پر پابندی کے مرکز کے اعلان کے جواب میں، مہاراشٹر کے ناسک ضلع میں کسان سڑکوں پر نکل آئے، ممبئی آگرہ قومی شاہراہ کو تین مقامات پر بلاک کر دیا اور نیلامی میں خلل ڈالا۔ کسانوں نے لسالگاؤں، ایشیا کی سب سے بڑی ہول سیل پیاز مارکیٹ، چندواڑ، ناندگاؤں، ڈنڈوری، ییولا، عمرانے اور ناسک کے دیگر مقامات پر بھی نیلامی روک دی۔یہ کہتے ہوئے کہ اس پابندی سے کسانوں پر برا اثر پڑے گا، مظاہرین نے ٹریکٹروں کے ساتھ گھنٹوں سڑکوں کو بند کر دیا۔ لاسلگاؤں اے پی ایم سی میں نیلامی کے بغیر، پیاز سے لدی 600 سے زیادہ گاڑیوں کو ونچور بھیج دیا گیا جس کی تھوک قیمتیں 1500 سے 3300 روپے فی کنٹل تھیں۔کسانوں اور تاجروں کی انجمنیں وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے، ان کے نائب اجیت پوار، اور نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) کے صدر شرد پوار سے ملاقات کرکے اپنی تشویش کا اظہار کرنے کا امکان ہے۔