مرڈیشورساحل پرسیاحوں کیلئے ‘فلوٹنگ سی واک کی سہولت

اسٹیٹ نیوز سلائیڈر
بھٹکل:۔بھٹکل تعلقہ میں واقع کرناٹکا کے مشہورساحلی مقام مرڈیشور پرسیاحوں کی کشش بڑھانے کے مقصد سے اب یہاں تیرنے والی گودی ‘فلوٹنگ سی واک کا انتظام کیا گیا ہے جس کے اوپرٹہلتے ہوئے سیاح سمندری پانی پر چلنے کا لطف اٹھا سکتے ہیں۔خیال رہے کہ مرڈیشور ساحل پر مشہور شیو مندر ہونے کی وجہ سے روزانہ ہزاروں کی تعداد میں یہاں سیاحوں کی آمد و رفت جاری رہتی ہے۔ سیاحوں کی کشش اور تفریح کے لئے پہلے سے ہی یہاں پر اسپیڈ بوٹ، ڈالفن سواری، جیٹ اسکیئنگ جیسے واٹر اسپورٹس کے علاوہ ریاست کرناٹکا کی واحد اسکوبا ڈائونگ کی سہولت بھی نیترانی جزیرے کے قریب دستیاب ہے۔ فلوٹنگ سی واک کی یہ 130 میٹر لمبی گودی اوشیئن ایڈونچر نامی نجی کمپنی نے تقریباً 1 کروڑ روپے کی لاگت سے تیار کی ہے جس کا افتتاح اوجیرے کے برہمانندا سرسوتی سوامی کے ہاتھوں سے کیا گیا ۔ اس پر بیک وقت 100 افراد چہل قدمی کر سکتے ہیں ۔ سیاحوں کے تحفظ کا پورا بندوبست کرتے ہوئے گودی کے سائڈ میں رکاوٹ بھی رکھی گئی ہے جس سے چہل قدمی کرنے والے سمندر میں گرنے کے امکانات نہ ہونے کے برابر ہیں۔ اس کے علاوہ کسی انہونی کے موقع پر حفاظت کے لئے لائف گارڈز بھی تعینات رہیں گے۔یاد رہے کہ کرناٹکا میں پہلی مرتبہ اس طرح کی فلوٹنگ سی واک گودی اس سے قبل اڈپی ضلع کے ملپے ساحل پر فراہم کی گئی تھی، مگر بارش کے موسم میں اس کا افتتاح ہوتے ہی طوفانی ہواوں اورتیزموجوں کی وجہ سے یہ جیٹی ناکام ہوگئی تھی۔