وکلاء کے خلاف احتجاج کرنےوالے پولیس اہلکاروں پر کارروائی

اسٹیٹ نیوز سلائیڈر
چکمگلورو:۔وکلاء کے خلاف احتجاج کرنےوالے پولیس اہلکاروں پر کارروائی کرنے کیلئے محکمہ پولیس آگے آیاہے اور احتجاج کرنےوالے پولیس اہلکاروں کی شناخت کی جارہی ہے۔کرناٹکا ہائی کورٹ نے ریاستی حکومت سے یہ جواب طلب کیاتھاکہ احتجاج کرنےوالےپولیس اہلکاروں کے خلاف کیاکارروائی کی گئی ہے۔اس کے مطابق ریاستی حکومت عدالت کو جواب دینے کیلئے تیاری کی ہے،مغربی زون کے آئی جی پی چندرگپتاکےاحکامات کے مطابق اڈپی ضلع کے اڈیشنل ایس پی سدلنگپا ایس ٹی کی قیادت میں یہ جانچ چل رہی ہے،جس کیلئے پولیس ٹیم چکمگلوروآئی ہوئی ہے۔ٹائون اسٹیشن کے حدود اور ہنومنتپاسرکل میں سی سی ٹی وی کیمروں کاجائزہ لیاجارہاہے،اس کے علاوہ میڈیامیں پیش کئے گئے ویڈیوز بھی جانچ ٹیم نے حاصل کی ہے،اب مقامی پولیس اہلکاروں کے ذریعے سے قصور وار پولیس اہلکاروں کی شناخت کی جارہی ہے۔احتجاج کرنےوالے پولیس اہلکاروں کے خلاف کیاکارروائی کی جائیگی یہ اعلیٰ افسران طئے کرینگے۔وکیل پریتم پر پولیس اہلکاروں کی طرف سے حملہ کئے جانے کے الزام میں پی ایس آئی مہیش پجاری سمیت چھ پولیس اہلکاروں کو سسپنڈکرتے ہوئے اُن کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی تھی،ان اہلکاروں کو گرفتارکرنےکیلئے اعلیٰ افسران آگے آئے تھے،اس وقت پولیس اہلکاروں نے اپنے ہی اعلیٰ افسران کے خلاف احتجاج کیاتھا۔ایک طرف کارروائی کیلئے رپورٹ تیارہورہی ہے تو دوسری جانب آئی جی پی چندرگپتا اور ایس پی وکرم آمٹے ضلع کے تمام پولیس تھانوں کو جاکر پولیس اہلکاروں کو یہ ہدایت دے رہے ہیں کہ پولیس اہلکارکسی بھی وجہ سے احتجاج کیلئے آگے نہ آئیں،قانون میں اس کیلئے کوئی گنجائش نہیں ہے۔