چتردرگہ:۔ریاست کے چتردرگہ شہرمیں ایک سنسنی واقعہ سامنے آیاہے،جس میں ایک گھرکے اندر پانچ لوگوں کی ہڈیوں کے ڈھانچےدستیاب ہوئے ہیں،جس کی جانچ کیلئے فارنسک سائنس کی ٹیمیں موقع پر پہنچی ہیں۔بتایاجارہاہے کہ جمعرات کی رات کو وظیفہ یاب انجینئر جگناتھ ریڈی کے گھر میں یہ ڈھانچے ملے ہیں۔جیسے ہی پولیس کو اس تعلق سے اطلاع ملی تو پولیس نے گھر کا معائنہ کیا،گھرکے ہر کمرے میں ایک ڈھانچہ موجودتھا۔گذشتہ چارسالوں سے اس گھر کا دروازہ نہیں کھلاتھا،پاس پڑوس کے لوگوں نے بھی اس طرف توجہ نہیں دی تھی اور ان کا کہناہے کہ یہ ڈھانچے کس کے ہیں انہیں کوئی اندازہ نہیں ہے،گذشتہ پانچ سالوں اس گھر کے افرادکسی کے رابطے میں نہیں تھے۔اس گھرمیں وظیفہ یاب انجینئر جگناتھ ریڈی(70)ان کی پریماوتی(60) بیٹی تروینی،بیٹا کرشناریڈی اور نریندرریڈی قائم پذیرتھے،ان کے بچوں میں سے کسی کی بھی شادی نہیں ہوئی تھی۔فارنسک سائنس کے ماہرین ڈھانچوں کو اپنے ماتحت لیکر تحقیقات کررہے ہیں۔پڑوسیوں کا کہناہے کہ سال2019 میں گھر سے کچھ بدبو آرہی تھی،اس دوران یہ خیال کیاجارہاتھاکہ گھرکے پاس چوہایا کوئی جانور مراہواہے،اس کی بدبو ہے۔کچھ دن بعدیہ بدبو ختم ہوگئی تھی،اس کے بعد کسی نے اس گھرکی جانب توجہ نہیں دی تھی۔واقعہ کی اطلاع پاکر آئی جی پی تیاگراجن،ایس پی دھرمیندرکمارمینا ، اڈیشنل ایس پی کمارسوامی،ڈی وائی ایس پی انیل کمار،انسپکٹر نعیم سمیت پولیس اہلکار موقع پر پہنچے۔پولیس کو اس واقعہ کی اطلاع جگناتھ ریڈی کے رشتہ دار پون کمارنے دی تھی۔پون کمارنے اپنے بیان میں بتایاکہ جگناتھ ریڈی ان کے رشتہ دارہیں،لیکن کئی سالوں سے وہ ان کے رابطے میں نہیں ہیں۔قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں کہ گھریلو مسائل کی بنیادپر ان لوگوں نے خودکشی کی ہوگی اور کسی نے ان کے گھر کی طرف توجہ نہیں دی تھی۔اس واقعہ کےبعدعلاقے میں سنسنی پھیل گئی ہے۔
