شیموگہ:۔شہرکے ناساشاہین پی یو کالج کی جانب سے طلباء کیلئے ذہن سازی اور ہنرمندی کی تربیت پر خصوصی کارکاگاہ انعقادکیاگیاتھا،اس کارگاہ میں مہمان خصوصی کے طورپر ایم جی گروپ کے ایم ڈی انجینئرمحمد ابراہیم نے شرکت کرتے ہوئے کہاکہ ہمارے بچوں میں ہر طرح کی صلاحیت ،ہنرمندی،قابلیت موجودہے، لیکن ان کی صحیح رہنمائی ،تجربہ کار اساتذہ نہ ہونے کی وجہ سے ہمارے بچے اپنی صلاحیتوں کا اجاگر کرنے میں ناکام ثابت ہورہے ہیں ، اسکول وکالجس کی مینجمنٹ کمیٹیوں کو بھی اس جانب توجہ دینے کی ضرورت ہے،جب اسکول وکالج مینجمنٹ کسی استاد کا تقرر کرتےہیں ہے تو مینجمنٹ کو چاہیے کہ وہ اساتذہ کی قابلیت ،صلاحیت اور مائنڈ سیٹ کودیکھیں تاکہ وہ بچوں کی صحیح رہنمائی کرسکیں۔ ہمارے بچوں میں مادری زبان پر تعلیم کی کمی ہے،اگر مادری زبان میں مہارت نہیں رکھتے ہیں تو اس کاخمیازہ طلباء کو مستقبل میں بھگتنا پڑسکتاہے ۔ہمارا تعلیمی معیار صرف اونچی عمارت اور بہترین یونیفارم سے نہیں بنتا،بلکہ معیاری مینجمنٹ اورمعیاری اساتذہ کی بنیادپر ہی بچوں کو بہترین تعلیم فراہم کی جاسکتی ہے۔مزید انہوں نے کہاکہ بچےتعلیمی شعبے میں صحیح طریقے سے فیصلے نہیں لے پارہے ہیں،دیکھا دیکھی میں وہ ایسے فیصلے لیتے ہیں جس سے والدین پر دبائوپڑتاہے۔یقیناً مقصدرکھنا ضروری ہے،لیکن اس کیلئے یہ طئے کرناہے کہ کیا اس مقصدکو حاصل کرنا ممکن ہے،یہ صلاحیت اُس وقت تک کامیاب نہیں ہوتی،جب تک کہ طلباء اپنے اندر تحقیق و جائزے کا مادہ پیدانہیں کرتے۔اس موقع پر ماہرِ نفسیات ڈاکٹر آفتاب مالدارنے طلباء کو ذہن سازی کے نکات سمجھائے،جبکہ ہیومن ڈیولپمنٹ کے کوچ سی ای او ڈاکٹر مجاہدشیخ نے اسکل ڈیولپمنٹ کے طریقے سکھائے،اس جلسے کی صدارت ناسا شاہین کالج کے چیرمین اڈوکیٹ محمد ایوب نے انجام دی۔
