بلقیس بانو کیس: گجرات ہائی کورٹ نے مجرم کو 10 دن کی پیرول کی دی منظوری

سلائیڈر نیشنل نیوز
دہلی:۔گجرات ہائی کورٹ نے بلقیس بانو کیس کے مجرم رمیش چاندنا کو 10 دن کی پیرول منظور کر لی۔ چاندنا کو 5 مارچ کو اپنے بھتیجے کی شادی میں شرکت کرنی ہے۔ اس کو لے کر چاندنا نے ہائی کورٹ میں عرضی داخل کرکے پیرول کی مانگ کی تھی۔ چاندنا نے پیرول کا مطالبہ کرتے ہوئے گزشتہ ہفتے ہائی کورٹ کا رخ کیا تھا۔ چاندنا اس معاملے میں پیرول حاصل کرنے والا دوسرا مجرم ہے، کیونکہ اس کیس کے تمام 11 مجرموں نے سپریم کورٹ کے حکم کے بعد 21 جنوری کو گودھرا شہر کی ایک جیل میں خودسپردگی کی تھی۔ان تمام 11 مجرموں کو 2002 کے گودھرا فسادات کے دوران بلقیس بانو کی اجتماعی عصمت دری اور اس کے خاندان کے سات افراد کے قتل کے معاملے میں سزا سنائی گئی تھی۔ جسٹس دیویش جوشی نے اپنے حکم میں کہا کہ مجرم چاندنا کے لیے اس کی بہن کے بیٹے کی شادی کی تقریب میں شرکت کی بنیاد پر پیرول کی درخواست کی گئی تھی۔ ان کی درخواست پر غور کے بعد ملزم کو 10 دن کے لیے پیرول دے دیا گیا ہے۔ سپریم کورٹ میں گجرات حکومت کے حلف نامہ کے مطابق، چاندنا نے 2008 میں قید ہونے کے بعد سے 1198 دن کی پیرول اور 378 دن کی فرلو حاصل کی ہے۔ اس سے قبل پردیپ مودھیا نامی مجرم کو 7 فروری سے 11 فروری تک پیرول دیا گیا تھا۔اگست 2022 میں، عمر قید کی سزا پانے والے 11 مجرموں کو ریاستی حکومت نے قید کے دوران ان کے ‘اچھے برتاؤ کا حوالہ دیتے ہوئے وقت سے پہلے جیل سے رہا کر دیا تھا۔ سپریم کورٹ نے 8 جنوری کو تمام 11 مجرموں کو دی گئی سزاؤں کی معافی کو منسوخ کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکومت کے پاس مجرموں کو قبل از وقت رہائی دینے کا اختیار نہیں ہے کیونکہ 2002 کے کیس کی مہاراشٹر میں سماعت ہوئی تھی۔اس کے بعد سپریم کورٹ نے مجرموں کو، جنہیں 15 اگست 2022 کو گودھرا ڈسٹرکٹ جیل سے رہا کیا گیا تھا، کو 14 سال جیل میں رہنے کے بعد دو ہفتوں کے اندر جیل واپس آنے کا حکم دیا۔ مجرموں نے 21 جنوری کو گودھرا جیل حکام کے سامنے خودسپردگی کی تھی۔