شیموگہ:۔ریاستی حکومت نے سال 2017 میں سڑکوں کے انتظامات اور دیکھ بھالی کیلئے ٹول تعمیرکرنے کیلئے جو سفارش پیش کی تھی اسے منظوری مل چکی ہے۔ریاست کےجملہ19 سڑکوں پر 43 ٹول تعمیرکرنے کیلئے حکومت نے منظوری دی ہے،اسی کے مطابق شیموگہ،ہانگل،ریاستی شاہرہ اورشیموگہ شکاری پور ریاستی شاہرہ پر ٹول گیٹ لگانے کا فیصلہ کیاگیاہے۔ضلع میں یہ پہلا موقع ہے جس میں ٹول گیٹ لگائے جارہے ہیں۔آنےوالے دنوں میں سواروں کوٹول اداکرنالازم ہوگا۔اس فیصلے کے خلاف مقامی لوگوں نے شدید مخالفت کی ہے۔شیموگہ ہانگل شاہرہ،سولنگ اور سیگے کنوی شاہرہ کے درمیان تعمیرکئے جانےوالے چار الگ الگ ٹول گیٹ پرٹول وصول کرنے کیلئے کیبن تعمیرکئے جاچکے ہیں،ٹول پلازہ کےقریب لائٹ ،سی سی کیمرہ لگایاگیاہے ،اس کے علاوہ ٹول گیٹ کا دفتربھی بنایا گیاہے۔جس مقام پر ٹول گیٹ لگایاجارہاہے،وہاں کی سڑک کی توسیع کی گئی ہے۔عوام کا کہناہے کہ ریاستی حکومت نے پُرانی سڑک کوہی ٹول لگایاہے،جبکہ نئی سڑک پر ٹول لگانے کا قانون ہے۔ہر دن سفر کرنے والے بس اور دوسری سواریوں کو ٹول ادا کرنے پڑیگا ،جس کی وجہ سے بس مالکان اپنے کرایوں میں اضافہ کرینگے۔شدید مخالفت کے باوجود ٹول گیٹ شروع کرنے کا فیصلہ لیاجارہاہے،دوسری طرف حکام کاکہناہے کہ یہ ٹول گیٹ کوروناسے قبل ہی لگائے جانےوالے تھے،لیکن کوروناکی وجہ سے ٹول نہیں لگائے گئے تھے،لیکن ٹول گیٹ لگانالازم ہوچکاہے۔ایک طرف شیموگہ ضلع میں ٹول گیٹ لگائے جارہے ہیں تو دوسری طرف شیموگہ تا بنگلوروکے درمیان زیر تعمیر ریاستی شاہرہ پر بھی متعدد ٹول لگائے گئے ہیں،شیموگہ سے بھدراوتی،تریکرے،ارسیکیر اورٹمکوروتک کم وبیش6 ٹول لگائے گئے ہیں،جس کی وجہ سے اس سڑک پر سے جانےوالی سواریوں کو ٹول اداکرناہوگا۔
