از:۔سیدشفیع اﷲ ۔سکریٹری آل انڈیا ملی کونسل کرناٹکا،فون: 9900221111
ہمارے ملک پر ایک ایسا وقت آیا ہے جب ساری عوام ملک میں بدلاؤ چاہتی ہے – خصوصاً امن پسندعوام چاہتی ہے کہ ملک میں ایسی حکومت کا قیام ہو جو عوام میں کمزور طبقات کے ساتھ اور سارے مذاہب کے ماننے والوں کے ساتھ انصاف کے ماحول کو اور ملک میں امن وشانتی کو یقینی بناسکے -2024 کے لوک سبھا انتخابات کے نتائج کا سارے ملک کے عوام کو انتظار ہے -کیونکہ 4 جون کو افشاں ہونے والے لوک سبھا نتائج سے عوام کی بہت ساری امیدیں وابستہ ہیں –
خصوصاً ملک کی عوام میں سے اقلیتی طبقات اور پچھڑے ہوئے طبقات نے بڑے جوش وجذبہ سے انتخابات میں حصہ لے کر بڑی محنتیں لگائی ہیں -اب جب کہ 4 جون کو ہمارے ملک کے لوک سبھا انتخابات کے نتائج افشاں ہوں گے یا الیکشن ریزلٹ آؤٹ ہوں گے تو عوام میں بہت سارے لوگ اپنے امیدوار یا اپنی پارٹی کی کامیابی پر جشن منائیں گے یا پھر اپنے چہیتے امیدوار کی ہارپر عوام میں بدامنی کا ماحول پھیلانا چاہیں گے –
ایسی صورتحال کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ہمارے ملک کا فسادی ٹولہ یا فسادی پارٹی کے کارکنان بدامنی کا ماحول گرم کرتے ہوئے فسادات کروانے کی پوری کوشش کریں گے – ہم ملک کے امن پسند شہریوں کی بڑی امید ہے کہ فسادی ٹولہ کے امیدوار یا پارٹی کا خاتمہ ہواور امن پسند پارٹی کی یا امن پسند امیدواروں کی دیش بھر میں جیت ہو- اس کے لئے سب لوگوں نے بہت محنت بھی کی ہے اور اﷲ رب العزت سے خوب دعائیں بھی کی ہیں اور 4 جون کے لوک سبھا نتائج سے بڑی امیدیں وابستہ کررکھی ہیں -ہمارے دیش کیلئے بڑی بھلائی کا دن ہوگا کہ اگر امن پسند اور انصاف سند پارٹی کے نمائندوں کی جیت ہوجائے -ہماری ان امیدوں کے ساتھ ہی ہمیں یہ بات ہرگز بھولنی نہیں چاہئے کہ فسادی پارٹی کا فسادی ٹولہ یا فسادی کارکنان ہر صورتحال کو فسادات کو جنم دینے کا ذریعہ بنانے کے لئے تاک میں بیٹھا ہوا ہوتا ہے –
لہٰذا ہم امن پسند شہریوں کی پوری پوری کوشش ہونی چاہئے کہ ہم ہمارے ملک میں موجود اس فسادی پارٹی کے فسادی ٹولے کی ایسی کوششوں کو کامیاب ہونے نہ دیں اورپھر ہماری کوئی حرکت ایسی نہ ہو جس کو یہ فسادی ٹولہ فسادات کروانے کیلئے استعمال کرنے کا اسے موقع مل جائے-ایسے میں ہمیں چاہئے کہ ہم فسادیوں کی ایسی سازشوں سے چوکنا رہیں جہاں ہماری تائید یافتہ امیدوار یا پارٹی کی جیت ہونے پر ہمارے چند نوجوان زور وشور سے جشن منانے کی کوشش کرنے لگیں اورپھر اس جشن کے درمیان فسادی ٹولے کے ممبران بھی گھس کر اس جشن ہی کو فساد میں تبدیل کردیں –
ملک بھر میں ایسا بھی دیکھا گیا ہے کہ جہاں ایک امیدوار کی جیت میں خو شیاں مناتے ہوئے ہمارے چند نوجوان امیدوار کی یا پارٹی کی تائید میں نعرے بلند کررہے ہوں وہیں کوئی فسادی ٹولی کے کارکنان بھیس بدل کر ان جشن منانے والوں کے درمیان گھس کر پڑوس کے ملک کا نام لے کر زندہ باد کے نعرے بلند کرکے ان سارے نوجوانوں کو اوراس جیتنے والے امیدوار کو عوام میں بدنام کرنے اور قانون کے شکنجہ میں ان سب کو پھنسانے میں کامیاب ہوگئے ہیں-
لہٰذا ہم ملک بھر کے مسلمانوں کو چاہئے کہ ہم ایسے دھوکہ باز فسادیوں سے چوکنا رہیں اور ہر حالت میں انہیں فسادات کو جنم دینے کے لئے اور ہماری ہی چند حرکتوں کو استعمال کرتے ہوئے ہمیں قانون کی پیچیدگیوں میں پھنساکر پولیس اسٹیشن اور کورٹوں کے چکر لگانے میں پھنسانے کی سازش میں کامیاب ہونے کا ہرگز موقع نہ دیں –
اورپھر خدانخواستہ اﷲ تعالیٰ کی کسی مصلحت کے تحت ہماری حمایت یافتہ امیدوار یا ہماری حمایت یافتہ پارٹی کے حق میں نتائج نہ آرہے ہوں -تب بھی ہمیں چاہئے کہ ہم اس موقع کو بھی فسادیوں کے ذریعہ غلط استعمال کرنے کا موقع فراہم کرنے سے پوری طرح بچیں-کیونکہ ہمارے نوجوانوں کی جانب سے ذرہ برابر بھی غم وغصہ کے اظہار کرنے کو فسادی ٹولہ فسادکروانے کا ذریعہ بنالینے میں بہت مہارت رکھتا ہے اور اس سازش میں بہت کامیاب بھی ہوا ہے –
تیسری ضروری بات یہ ہے کہ کسی بھی حال میں ہمیں چاہئے کہ ہم مایوسی کو ہمارے قریب آنے نہ دیں کیونکہ مایوسی کو کفر کہا گیا ہے اورپھر ہم سب ملک کے امن پسند عوام میں سے ہر ایک فرد نے اس بار کے 2024 کے لوک سبھا انتخابات میں پوری طرح محنت بھی لگائی ہے اور مکمل طورپر حصہ بھی لیا ہے -اب ہمیں چاہئے کہ ہم ہمارا کام (انتخابات میں حصہ لینے کا کام) مکمل ہونے پر اﷲ رب العزت سے خوب دعاء کریں اور اچھے نتائج کی امیدرکھیں -اورپھر اﷲ تعالیٰ کی کسی مصلحت کے تحت اگر نتائج کچھ اور آجائیں تب بھی ہم ہرگز ہمت نہ ہاریں اورمایوسی کا شکار نہ ہوں کیونکہ ہم نے تو ہماری کوشش پوری کی ہے -اﷲ سے دعا ہے کہ رب العزت ہمارے دیش میں ایک امن وامان اور انصاف قائم کرنے والی پارٹی کی حکومت بنانے کی ہماری کوششوں کو کامیاب فرمائے -آمین –
