بنگلوور:۔اس دفعہ19 اور22 جولائی کو ایس ایس ایل سی کے امتحانات ہونے والے ہیں ، 19جولائی کو کو سبجکٹ کےامتحانات ہونگے،جبکہ22جولائی کو لانگویج امتحان ہونگے۔اس بات کااعلان ریاستی وزیر برائے ثانوی تعلیم سریش کمارنے کیاہے۔انہوں نے آج محکمہ کے اعلیٰ افسروں کے ساتھ تبادلہ خیال کرنے کے بعد کہاکہ ایس ایس ایل سی کے امتحان میں اس دفعہ 76.8 لاکھ طلباء امتحان دینگے،جبکہ73066 امتحانی مراکز میں امتحان ہوگا۔پچھلی دفعہ امتحان6دنوں تک چلتا رہا،لیکن اس بار کوویڈکی وجہ سے امتحان کو دو دنوں کیلئے محدود کردیاگیاہے۔امتحانات کا سوالیہ پرچہ میاتھس،سوشیل اور سوشیل سائنس پر منحصر ہوگا،جو19جولائی کولیاجائیگا تو 22جولائی کو لانگویج کیلئےامتحان ہوگا۔30جو ن کو ہال ٹکٹ دیاجائیگا۔جو طلباء کوویڈ سے متاثر ہیں انہیں کوویڈکیئر سینٹرمیں ہی امتحان دینے کی سہولت دی گئی ہے ۔ امتحانات کیلئے ضروری احتیاطی تدابیر اختیارکئے گئے ہیں،اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر سمیت اعلیٰ افسران کے ساتھ ویڈیو کانفرنس میں تبادلہ خیال کیاگیاہے۔30جون کو تمام اسکولوں کو ہال ٹکٹ روانہ کردیاجائیگا،اس کے بعد طلباء وہاں سے ہال ٹکٹ اکٹھا کرسکتے ہیں۔امتحانی مراکزکے قریب امتناعی احکامات جاری کئے جائینگے اور دوردراز کے علاقوں سے آنے والے طلباء اپنے قریبی امتحانی مراکز میں امتحان دے سکتے ہیں،اس طرح کے10 ہزار طلباء کو سہولت ہوگی۔ریاستی وزیر سریش کمارنے مزیدبتایاکہ جولائی کے دوسرے ہفتے میں پی یو سی سال دوم کے نتائج جاری کئے جائینگے،کسی بھی طالب العلم کے ساتھ ناانصافی نہ ہو اس کیلئے بھی ضروری اقدامات اٹھائے جائینگے۔
