دہلی: بدھ کو راجیہ سبھا میں مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کے حوالے سے ایک بیان دیا جسے کانگریس نے انتہائی توہین آمیز قرار دیا ہے۔ امیت شاہ نے کہاکہ امبیڈکر کانام اب ایک فیشن ہوگیا ہے ۔ امبیڈکر، امبیڈکر، امبیڈکر، امبیڈکر، امبیڈکر، امبیڈکر۔ اتنا نام اگر بھگوان کا لیتے تو سات جنموں تک سورگ مل جاتا۔ امیت شاہ کے اس بیان پر آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے صدر ملکارجن کھڑگے نے شدید ردعمل ظاہر کیا ہے۔ ایک پریس کانفرنس میں خطاب کرتے ہوئے کھڑگے نے وزیر اعظم نریندر مودی سے مطالبہ کیا کہ وہ امیت شاہ کو آدھی رات تک کابینہ سے برطرف کریں۔کانگریس کے صدر کھڑگے نے کہاکہ امیت شاہ کو اپنے بیان پر معافی مانگنی چاہیے۔ اگر وزیر اعظم مودی نے انہیں کابینہ سے نہیں ہٹایا تو عوام سڑکوں پر اتر آئیں گے۔ امیت شاہ کو معافی مانگنی چاہیے کیونکہ انہیں کابینہ میں رہنے کا کوئی حق نہیں ہے۔ انہوں نے مزید کہاکہ ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کے لیے عوام اپنی جان دینے کے لیے تیار ہیں۔ بی جے پی نے آئین کی توہین کی ہے اور یہ پارٹی آئین کے بجائے منوسمرتی کے اصولوں پر عمل پیرا ہے۔”کھڑگے نے وزیر اعظم مودی پر الزام عائد کیا کہ وہ امیت شاہ کی حمایت میں مسلسل بیانات دے رہے ہیں اور دونوں ایک دوسرے کے غلطیوں کی پردہ پوشی کرتے ہیں۔کانگریس نے بی جے پی پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی کے پاس آئین پر یقین نہیں ہے اور وہ منوسمرتی کے فلسفے کو فروغ دیتی ہے۔
