اسرائیلی حملے: ایران کے سربراہ پاسداران انقلاب، چیف آف ا سٹاف اور چھ نیوکلیائی سائنس داں ہلاک

انٹرنیشنل نیوز سلائیڈر
یروشلم/ تہران-: جمعے کی صبح اسرائیل نے ایران کے دارالحکومت تہران پر فضائی حملہ کیا جس کے نتیجے میں شہر دھماکوں سے گونج اٹھا۔ اسرائیلی حملوں کا ہدف ایران کی جوہری افزودگی کی تنصیبات اور اہم فوجی مراکز تھے۔ ایران کے سرکاری میڈیا کے مطابق اسرائیلی حملے میں سپاہ پاسداران انقلاب کے سربراہ حسین سلامی ہلاک ہو گئے ہیں۔ حملے کے وقت وہ پاسداران کے ہیڈکوارٹر میں موجود تھے۔اس کے علاوہ ایرانی جوہری پروگرام کے دو اہم سائنسدان ، فریدون عباسی دیوانی اور محمد مہدی تہرانی  سمیت مزید چار سائنسداں بھی اس حملے میں مارے گئے ہیں۔
اسرائیل نے ایک عرصے سے واضح کر رکھا ہے کہ وہ ایران کو جوہری ہتھیار بنانے کی اجازت نہیں دے گا۔اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو نے ایک ریکارڈ شدہ ویڈیو پیغام میں کہا کہ اسرائیل نے ایران کے جوہری پروگرام کے مرکزی حصے پر حملہ کیا ہے۔ ان کے بقول ۔۔۔  کہ ہم نے نطنز میں ایران کی اہم ترین افزودگی کی تنصیبات کو نشانہ بنایا۔ ساتھ ہی ہم نے ایران کے بیلسٹک میزائل پروگرام کے بنیادی ڈھانچے پر بھی ضرب لگائی ہے۔
وزیراعظم نیتن یاہو نے مزید کہا کہ اسرائیلی کارروائیوں کا مقصد ان ایرانی سائنسدانوں کو ہدف بنانا تھا جو ایٹمی ہتھیاروں کی تیاری کے منصوبوں پر کام کر رہے تھے۔ ان کے مطابق یہ معرکہ اسرائیل کی تاریخ کے سب سے فیصلہ کن لمحات میں سے ایک ہے، اور یہ کارروائیاں اس خطرے کے مکمل خاتمے تک جاری رہیں گی۔
یہ حملہ ایسے وقت میں کیا گیا جب ایران کے تیزی سے آگے بڑھتے ہوئے جوہری پروگرام پر بین الاقوامی سطح پر تشویش میں اضافہ ہو رہا ہے۔ جمعرات کو بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی کے بورڈ آف گورنرز نے دو دہائیوں میں پہلی بار ایران کی سرزنش کی کہ وہ معائنہ کاروں کے ساتھ مکمل تعاون نہیں کر رہا۔ اس کے ردعمل میں ایران نے اعلان کیا کہ وہ ملک میں یورینیم افزودگی کے لیے تیسری نئی تنصیب قائم کرے گا اور بعض سنٹری فیوجز کو مزید جدید بنانے کے لیے تبدیل کیا جائے گا
سرکاری ٹیلی ویژن نے دعویٰ کیا ہے کہ حملے کے نتیجے میں دارالحکومت کے رہائشی علاقوں کو بھی نشانہ بنایا گیا، جہاں کئی بچوں کی ہلاکت کی اطلاعات ہیں۔ اسرائیل نے ایرانی جوابی حملے کے خدشے کے پیش نظر ملک بھر میں ایمرجنسی نافذ کر دی ہے۔ اسرائیلی حکام نے ملک بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی ہے، ایران نے بھی اپنی فضائی حدود ہر قسم کی پروازوں کے لیے بند کر دی ہیں۔
ایرانی فوج کے چیف آف اسٹاف محمد باقری ہلاک
ایران کے سرکاری نشریاتی ادارے کے مطابق مسلح افواج کے چیف آف سٹاف میجر جنرل محمد باقری اسرائیلی فضائی حملوں میں جان کی بازی ہار گئے ہیں۔ یہ حملے جمعہ کو تہران سمیت مختلف ایرانی شہروں پر کیے گئے۔
نیم سرکاری خبر رساں ایجنسی فارس نے بھی اس نقصان کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ جنرل باقری اسرائیلی کارروائی کا نشانہ بنے۔س
پاسداران انقلاب کے سینیئر کمانڈر غلام علی راشد بھی ہلاک
ایرانی اعلیٰ سکیورٹی ذرائع نے خبر رساں ادارے بتایا ہے کہ سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای بالکل محفوظ ہیں اور انہیں حملے کے بعد کی صورتحال سے لمحہ بہ لمحہ آگاہ کیا جا رہا ہے۔دوسری جانب ایرانی خبر رساں ادارے نور نیوز کے مطابق آیت اللہ خامنہ ای کے مشیر برائے قومی سلامتی علی شمخانی حملے میں شدید زخمی ہوئے ہیں اور ان کی حالت نازک ہے۔
ایران پر اسرائیلی حملے: عالمی ردعمل 
ایران پر اسرائیلی فضائی حملوں کا سلسلہ جاری ہے، تاہم اقوام متحدہ کے جوہری نگران ادارے (آئی اے ای اے) نے جمعہ کو اطلاع دی کہ ایرانی حکام کے مطابق نتنز میں واقع یورینیم افزودگی مرکز پر تابکاری کی سطح میں کسی قسم کا اضافہ ریکارڈ نہیں کیا گیا۔ ادارے نے ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ ایرانی حکام نے آئی اے ای اے کو اطلاع دی ہے کہ نتنز سائٹ پر تابکاری کی سطح معمول کے مطابق ہے۔ ایران پر اسرائیلی حملوں کی سعودی عرب اور جاپان نے شدید مذمت کی ہے۔ سعودی وزارت خارجہ کے مطابق ہم اسرائیل کی اس کھلی جارحیت کی سخت مذمت کرتے ہیں جو ایران کی خود مختاری اور سلامتی کی خلاف ورزی ہے اور بین الاقوامی اصولوں کے منافی ہے۔جاپانی وزیر خارجہ تاکیشی ایویا نے بھی واقعے پر شدید تشویش ظاہر کرتے ہوئے تمام فریقین سے تحمل اور کشیدگی کم کرنے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں استحکام جاپان کے لیے بے حد اہم ہے اور ہم تمام متعلقہ ممالک سے صبر و تحمل کے مظاہرے کی درخواست کرتے ہیں تاکہ صورتحال مزید نہ بگڑے
عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں 12 فیصد اضاف
 ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق پاسداران انقلاب کے سینیئر کمانڈر میجر جنرل غلام علی راشد بھی اسرائیلی حملوں میں شہید ہو گئے ہیں۔ ایرانی سرکاری ٹی وی نے ان کی شہادت کی باضابطہ تصدیق کر دی ہے۔ایران پر اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ کروڈ آئل کی قیمت 12.6 فیصد اضافے کے ساتھ 76.61 ڈالر فی بیرل پر پہنچ گئی، جبکہ برینٹ نارتھ سی کروڈ آئل کی قیمت 12.2 فیصد بڑھ کر 77.77 ڈالر فی بیرل ہو گئی۔ماہرین کے مطابق مشرق وسطیٰ میں جنگ کے خدشات کے باعث یہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا
آیت اللہ خامنہ ای کا سخت انتباہ:اسرائیل سنگین نتائج کے لیے تیار رہے
ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے اسرائیلی حملوں کے بعد سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ پر حملہ کر کے اسرائیل نے اپنے لیے تباہ کن انجام خود چن لیا ہے۔فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق آیت اللہ خامنہ ای نے ایک بیان میں کہا کہ صہیونی حکومت نے اس مجرمانہ اقدام کے ذریعے اپنے لیے ایک تلخ اور دردناک انجام مقرر کر لیا ہے، جس کا سامنا اسے ضرور کرنا پڑے گا۔
ایران کا اقوام متحدہ کے چارٹر کا حوالہ، جوابی کارروائی کا اعلان
ایرانی وزارت خارجہ نے اسرائیلی حملوں کو اسلامی جمہوریہ کی خودمختاری کی کھلی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کو اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 51 کے تحت مکمل قانونی اور جائز حق حاصل ہے کہ وہ اس جارحیت کا مؤثر جواب دے۔وزارت خارجہ کے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ایران کی مسلح افواج اپنی پوری قوت کے ساتھ قوم کا دفاع کرنے سے ہرگز دریغ نہیں کریں گی۔