ممبئی:۔بالی ووڈ کے مشہور و معروف اداکار دلیپ کمار کو اس مہینے دوسری مرتبہ اسپتال میں بغرض علاج داخل کرایا گیا ہے۔ 98 سالہ اداکار کو مبینہ طور پر سانس پھولنے کی شکایت کے بعد منگل کو ہندوجا اسپتال، کھار کے آئی سی یو میں داخل کرایا گیا۔ رپورٹس کے مطابق اب ان کی حالت مستحکم ہے۔قابل ذکر ہے کہ گزشتہ 6 جون کو سانس میں تکلیف کے بعد انھیں اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ 9 جون کو اداکار کے آفیشیل ٹوئٹر اکاؤنٹ سے ایک ہیلتھ اپ ڈیٹ ٹوئٹ کیا گیا تھا، جس میں لکھا تھا ’’آپ کی دعاؤں کے لیے شکریہ۔ دلیپ صاحب کا کامیاب علاج کیا گیا۔ میں نے ذاتی طور سے ڈاکٹر جلیل پارکر اور ڈاکٹر نتن گوکھلے سے بات کی تھی۔ وہ پرامید ہیں کہ کل (جمعرات) کو انھیں چھٹی دے دی جائے گی۔‘‘جب اداکار اسپتال میں تھے تو ان کی بیوی اور مشہور اداکارہ سائرہ بانو نے پہلے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ایک بیان جاری کر شیدائیوں کو ان کی محبت اور دعاؤں کے لیے شکریہ ادا کیا تھا اور سبھی سے افواہوں پر دھیان نہ دینے کی گزارش کی تھی۔ دلیپ کمار کو 11 جون کو اسپتال سے چھٹی مل گئی تھی۔
