شیموگہ :کرناٹکا لوک آیوکتہ دفتر کے پاس موجود بس اسٹانڈ میں ایک بے سہارا خاتون کو کسی نے موت کے گھاٹ اُتاردیا ہے۔ اس بے سہارا خاتون کے سر پر سیمنٹ سلیاب ڈال کر قتل کی واردات کو انجام دیا گیا ہے۔ مقتول کی شناخت لتا(45) کے طور پر سامنے آئی ہے۔ گاجنور کے قریب لکشمی پورا تانڈہ میں رہنے والی اس خاتون کی شادی منڈیناکوپہ کے ہنومنتپا سے ہوئی تھی۔ شادی کےکچھ ہی دن بعد وہ اپنے شوہر سے علیحدہ ہوکر تنہا زندگی گذاررہی تھی ۔ بتایا جارہا ہے کہ کورونا کی دوسری لہر کے آغاز میں یہ خاتون شہرکے لکشمی ٹالکس کے قریب ایک کباب کی دکان پر کام کررہی تھی۔ چونکہ اس خاتون کے آگے پیچھے کوئی نہیں تھا اس لئے وہ بس اسٹانڈ میں ہی رہ رہی تھی۔ گذشتہ رات اس خاتون کے منہ پرکسی نے سیمنٹ سلیاب ڈال کر قتل کردیا ہے۔ یہ واردات دوڈپیٹے پولیس کے حدود میں آتی ہے ۔ پولیس نے یہاں کا جائزہ لیا ہےاورشبہ کیا جارہا ہے کہ شاید نشے کی حالت میں اس قتل کو انجام دیا گیا ہے۔ اس معاملے میں پولیس نے کئی لوگوں کو گرفتار کیا ہے اور پوچھ تاچھ کررہی ہے۔
