شیموگہ:وزیر اعلیٰ بی ایس یڈی یورپا کو ان کے عہدے سے ہٹانے کی تیاریاں جہاں خود ان کے اپنے ہی زوروشورسے کررہے ہیں وہیں بی جے پی کے خیمے میں یڈی یورپا کو ہٹائے جانے کے بعد یہ سوالات اٹھ رہے ہیں کہ اب شیموگہ ضلع کے ترقیاتی کاموں کا کیا ہوگا اور ترقی کی رفتار کیا سردمہری کا شکارہوجائیگی؟۔جی ہاں،یڈی یورپانے اپنے اقتدارمیں آنے کے دوہی سالوں میں ضلع کے ترقیاتی کاموں کیلئے ہزاروں کروڑ روپئے منظورکئے تھے جس میں کئی نئے منصوبوں کی شروعات ہوئی تو کچھ پرانے منصوبوں کو حتمی شکل دی گئی ہے۔کوروناکی وباء کے دوران بھی وزیر اعلیٰ بی ایس یڈی یورپانے تعمیری وترقیاتی کاموں ،صنعتوں،سڑکوں کی ترقی وتعمیر،ہوائی اڈے کاتعمیری کام،سرکاری دفاتر کی عمارتوں کی تعمیر سمیت مختلف شعبوں کیلئے کروڑوں روپئے منظورکئے تھے۔اس کےعلاوہ مرکزی حکومت کے کئی منصوبوں کو شیموگہ ضلع کیلئے مختص کروائے۔وزیر اعلیٰ بی ایس یڈی یورپا کو2014 سےپہلے جب رشوت خوری کے معاملات میں ہٹایاگیاتھا،اس وقت کئی منصوبے رائج ہوتے ہوتے رہے گئے تھے،مگر اب یڈیورپانے دوبارہ انہیں شروع کرتے ہوئے اختتام پر پہنچانے کی کوشش کی ہے ۔ سال 2009 میں بھی یڈی یورپانے ضلع کیلئے کئی ترقیاتی کام منظورکروائے تھے ، مگر دوسالوں میں ہی انہیں اُس وقت ہٹادیاگیاتھا۔جس کے بعد شیموگہ ضلع کے کئی ترقیاتی کام مکمل نہ ہوسکے۔کچھ تعمیراتی کام کچھوے کی رفتار سے چلتے رہے،پھر دوبارہ2019 میں یڈی یورپا جیسے ہی اقتدارپر آئے تو انہوں نے اپنے ضلع کے ترقیاتی کاموں کو زیادہ توجہ دی اورتعمیراتی وترقیاتی کاموں کو صحیح ڈھنگ سے انجام دیا۔اب جبکہ26جولائی کو یڈی یورپاکا اپنے عہدے سے مستعفی ہونا کم وبیش طئے ہے،ایسے میں پھر ایک مرتبہ شیموگہ ضلع کے ترقیاتی کاموں پرسوال اٹھ رہاہے۔سوال یہ ہے کہ کیا بی ایس یڈی یورپاکے مستعفی ہونے کے بعد ترقیاتی کام متاثر ہوجائینگے؟۔
