دہلی:۔سپریم کورٹ نےکہاہے کہ 1994 میں اسرو سائنسدان نمبی نارائنن سے متعلق جاسوسی کیس میں سزا یافتہ پولیس افسران کے کردار کو دیکھنے کے لیے عدالت عظمیٰ کے سابق جج جسٹس (ر) ڈی کے جین کی سربراہی میں ایک کمیٹی کی رپورٹ بنیادنہیں ہوگی۔ سی بی آئی کو درج ایف آئی آر کی تحقیقات کرنی ہوگی اور مواد جمع کرنا ہوگا۔نارائنن (79) کو نہ صرف اعلیٰ عدالت نے اس کیس میں بری کردیا تھا بلکہ انہیں 50 لاکھ روپے معاوضہ ادا کرنے کی ہدایت بھی کی تھی۔اعلیٰ عدالت نے کہاہے کہ اس معاملے میں ایف آئی آر درج کرنے والی مرکزی تحقیقاتی بیورو (سی بی آئی) کو تحقیقات کرکے قانون کے مطابق کارروائی کرنا ہوگی۔جسٹس اے ایم کھانویلکر اور سنجیو کھنہ کی بنچ نے کہا ہے کہ صرف رپورٹ کی بنیاد پر ، وہ (سی بی آئی)آپ (ملزم) کے خلاف نہیں جاسکتے ہیں۔ انھیں چھان بین کرناپڑے گی۔ مواد اکٹھا کرنا ہے اور پھر انہیں قانون کے مطابق آگے بڑھنا ہے۔ بالآخر اس کی تفتیش کرنی ہوگی۔ رپورٹ آپ کے استغاثہ کی اساس نہیں ہوسکتی ہے۔بنچ نے سماعت کے دوران یہ فیصلہ اس وقت دیا جب ایک ملزم کے وکیل نے کہاہے کہ رپورٹ ان کے ساتھ شیئر کی جانی چاہیے نیز سی بی آئی پر اس کو بڑا اعتماد ہے۔بنچ نے کہاہے کہ رپورٹ سے کچھ نہیں آئے گا۔ یہ رپورٹ صرف ابتدائی معلومات ہے۔ بالآخر سی بی آئی تحقیقات کرے گی ، جس کے نتائج سامنے آئیں گے۔ابتداء میں ، سالیسیٹر جنرل تشار مہتانے کہاہے کہ سی بی آئی ایف آئی آر میں اس رپورٹ کا خلاصہ شامل ہے۔
