بنگلورو:۔ریاست کے سابق وزیر اعلیٰ بی ایس یڈی یورپانے اپنے مداح کے گھر پہنچ کر اُس کے اہل خانہ سے تعزیت کی ہے ،چامراج نگر کے رہنے والے ایک نوجوان نے یڈی یورپا کے استعفیٰ سے دلبرداشتہ ہوکر خودکشی کی تھی،جس پر یڈی یورپانے آج اُس کے گھر پہنچ کر اہل خانہ کو تعزیت پیش کی اور انہیں پانچ لاکھ روپئے نقد بطور امداد اپنے ذاتی طور پر پیش کئے۔اس دوران یڈی یورپانے نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہاکہ کسی کی عزت کرنا اور شائقین میں شمار ہونا ضروری ہے،لیکن اس کی بھی حد ہوتی ہے،حدسے تجاویز کرتے ہوئے اپنی زندگیوں کے ساتھ کھلواڑ کرنا نامناسب ہے،مہلوک روی نے جلدبازی میں فیصلہ کیاہے،اس طرح کے فیصلے نہیں لینے چاہیے تھے،اس کی موت کی اطلاع پاکر مجھے افسوس ہوا،اس لئے اس کے اہل خانہ سے تعزیت کیلئے آیا ہوں،اہل خانہ مالی حالت بہتر نہیں ہے،اس لئے مجھ سے جو کچھ ہوپائیگا وہ میں کرونگا۔روی کے اہل خانہ کوپانچ لاکھ روپئے کی امداد کی گئی ہے،اب اُس کے بچوں کی تعلیم کیلئے بھی علیحدہ انتظام کیاجائیگا۔اسی دوران سابق وزیر اعلیٰ بی ایس یڈی یورپانے کہاکہ کابینہ کی تشکیل میں میری کوئی مداخلت نہیں ہے،بسوراج بومئی اپنی پسندکے مطابق وزراء کو اپنی کابینہ میں شامل کرسکتے ہیں۔دوسری پارٹیوں سے ہجرت کرکے بی جے پی میں شامل ہونے والے لیڈروں کو تحفظ فراہم کرنا اور حق دینا ہماری اخلاقی ذمہ داری ہے،اس سلسلے میں وزیر اعلیٰ سے میں گفتگو کرونگا۔
