مدھوبنگارپاکی کانگریس شمولیت کے بعد کانگریس دفترمیں استقبال

ڈ سٹرکٹ نیوز سلائیڈر
شیموگہ :۔حال ہی میں ہبلی ضلع میں کانگریس پارٹی میں شمولیت کرنے والے سابق ایم ایل اے مدھو بنگارپا آج اپنے حامیوں کے ساتھ کانگریس دفتر پہنچے۔اس سے قبل بھدراوتی بائی پاس سرکل سے ان کا شاندار استقبال کیاگیا۔ ملاواگوپا مندر میں ایک خاص پوجا میں شرکت کے بعدسابق رکن اسمبلی نے کانگریس کے کارکنوں اور سینکڑوں حامیوں کے ساتھ ایک بڑے پیمانے پر موٹر سائیکل ریلی کے ذریعہ ایم آر ایس سرکل سے گوپی سرکل تک پہنچے اور وہاں موجود بنگارپا کی بڑی تصویر کوپھول چڑھاتے ہوئے خراج عقیدت پیش کیا۔بعدازاں ضلع کانگریس دفتر کے زیر اہتمام استقبالیہ اجلاس میں حصہ لیتے ہوئے مدھوبنگارپانے کانگریس کے ضلعی کارکنان ولیڈران کی مبارکباد دی قبول کی۔اس دوران انہوں نے کہا کہ آئیے ہم تمام ایک ہوکر کانگریس پارٹی کو مضبوط کریں اور اسے اقتدار میں لائیں۔انہوں نے کہا کہ میں نےجے ڈی ایس سےکانگریس پارٹی میں شامل ہونے کا فیصلہ اس لئےلیا کیونکہ یہ غریبوں کی پارٹی ہے۔ غریبوں کی فلاح وبہبودی اگر کسی سے ممکن ہے تو وہ صرف کانگریس پارٹی ہی ہے۔ جب کانگریس اقتدار میں تھی اس نے غریبوں کے لیے سینکڑوں منصوبے نافذ کیے ہیں۔ عوامی لیڈر کہلانے والے میرے والد ایس بنگارپا نے بھی کئی ایسے منصوبے نافذ کئے تھے جس سے غریبوں کی ترقی ہوسکے۔ میں ایسے شخص کا بیٹا ہوںاور میں بھی اپنے والد کے بتائے ہوئے راستے پر ہی چلوں گا۔انہوں نے کہا کہ کانگریس کے سینئرقائد کاگوڑتمپا کے ساتھ ضلع کے تمام کانگریس قائدین مل کر پارٹی کو مضبوط کریں گے اور ریاست میں کھوئی ہوئی کانگریس کی حکومت اور وسعت کو واپس لانے کیلئے کوشش کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم لوگوں کو موجودہ حکومت کی ناکامیوں سے آگاہ کرینگےاور پارٹی کو زمینی سطح سےمضبوط بنائینگے ۔