دہلی:۔ریلوے نے جمعہ کو اس بات کی تردید کی ہے کہ مختلف ٹرینوں سے کھانے کے ڈبوں کوہٹاکران کی جگہ پر ایئر کنڈیشنڈ 3 کے کوچز لگائے جا رہے ہیں۔وزیر ریلوے اشونی وشنو نے یہ معلومات راجیہ سبھا کو ایک سوال کے تحریری جواب میں دی۔ ان سے پوچھا گیا کہ کیا حکومت 300 سے زائد ٹرینوں سے فوڈ کوچز کوہٹاکر ایئر کنڈیشنڈ تھری ٹائر کوچز سے تبدیل کر رہی ہے؟۔ویشنو نے جواب دیا’نہیں، نہیں‘، ایسا کوئی فیصلہ نہیں لیا گیا۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ موجودہ عالمی وبا کووڈ 19 کے پیش نظر کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ایئر کنڈیشنڈ کوچز میں لینن سیٹ (چادریں وغیرہ) فراہم نہیں کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ ’بیڈرولز‘ وغیرہ مختلف ریلوے اسٹیشنوں پر کثیر مقصدی اسٹالوں کے ذریعے فروخت کیلئے دستیاب کئے گئے ہیں۔ایک اور سوال کے جواب میں وزیر ریلوے نے کہا کہ انڈین ریلوے سٹیشن ڈیولپمنٹ کارپوریشن لمیٹڈ (آئی آڑایس ڈی سی) نے امرتسر ریلوے اسٹیشن کو دوبارہ ترقی دینے کا منصوبہ بنایا ہے۔ امرتسر اسٹیشن کی دوبارہ ترقی کیلئے قابلیت کی درخواست (آر ایف کیو) کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ کووڈ19 وبائی مرض پر قابو پانے کے لیے ریلوے نے تمام مسافر ٹرینوں کو 23 مارچ 2020 سے بندکردیا ہے۔ موجودہ صورتحال میں ریاستی حکومت کی تجاویز اور خدشات اور صحت کے مشوروں کو مدنظر رکھتے ہوئے صرف خصوصی ٹرینیںکچھ پابندیوں کے ساتھ چلائی جا رہی ہیں۔
