بنگلورو(انقلاب نیوزبیورو):۔سابق وزیر اعلیٰ واپوزیشن لیڈر سدرامیا نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ سیلاب کی وجہ سے نقصان دہ تمام اضلاع کے متاثرین کو گھراور جانوروں کو کھونے والوں کو فوراً معاوضہ جاری کیاجائے۔ اس سلسلہ میں وزیر اعلیٰ بسواراج بومئی کو ایک مکتوب روانہ کرتے ہوئے سدارامیا نے یہ مطالبہ کیا اور بتایا کہ 26اور 27جولائی 2021ء کو باگل کوٹ،بیلگاوی اور گدگ اضلاع کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا خود انہوں نے جائزہ لیا ہے اس کے علاوہ2/ اگست کو شمالی کنڑا ضلع کے کئی متاثرہ علاقوں کا جائزہ لیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 22تا26جولائی ہوئی بھاری بارش نے ان اضلاع میں زبردست نقصان برپا کیا ہے۔ ہزاروں افراد پریشان ہیں،جانوروں،گھروں اور فصلوں کو بھاری نقصان پہنچا ہے۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ کو بتایا کہ خود انہوں نے مشاہدہ کیا ہے کہ کئی جگہ سیلاب کے پانی میں گھروں کے سازو سامان،برتن،کتابیں، راشن، گیس سلنڈر اور دیگر ضروری اشیاء تک بہہ گئے ہیں اسلئے فوراً ان افراد کو معاوضہ جاری کیا جائے۔انہوں نے بتایا کہ2019ء تا2021ء مذکورہ اضلاع مسلسل بارش سے متاثر ہوئی ہیں۔ دھان کے کھیتوں میں باغیچوں میں فصلیں بہہ گئی ہیں اور اناج کا ذخیرہ بھی پانی کی نذر ہوگیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ2019ء میں جب سیلاب آیا تو اس وقت کے وزیر اعلیٰ بی ایس ایڈی یورپا نے پہلے گھروں سے محروم افراد کو معاوضہ کااعلان کیا لیکن ابھی تک مکانوں کا کرایہ جاری نہیں کیا گیا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ایڈی یورپا کی جانب سے سیلاب سے نمٹنے ریاست کیلئے جاری رقم بے حد کم ہے اس لئے بومئی زیادہ سے زیادہ رقم جاری کرنے مرکز پر دباؤ ڈالیں۔
