دہلی:۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے ہفتہ کو پی ایم کسان اسکیم کے تحت 10.09 کروڑ کسانوں کو 20,900 کروڑ روپئے کی 10ویں قسط جاری کی۔ وزیر اعظم نے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے منعقدہ ایک پروگرام میں مستحقین کو یہ رقم جاری کی۔ پردھان منتری کسان سمان ندھی (پی ایم-کسان) اسکیم کے تحت ایک سال میں کسانوں کو 6,000 روپئے کی مالی امداد فراہم کی جاتی ہے۔ یہ رقم کسانوں کو ان کے بینک اکاؤنٹ میں 2,000 روپئے کی تین مساوی قسطوں میں منتقل کی جاتی ہے۔ورچوئل پروگرام میں مودی نے 351 فارمر پروڈیوسر آرگنائزیشنز (ایف پی او) کو 14 کروڑ روپئے سے زیادہ کی ایکویٹی گرانٹ بھی جاری کی۔ اس سے 1.24 لاکھ کسانوں کو فائدہ پہنچے گا۔ نو ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ، مختلف ریاستوں کے وزراء اور زرعی اداروں کے نمائندوں نے بھی اس پروگرام میں ورچوئل انداز میں شرکت کی۔اس موقع پر وزیر زراعت نریندر سنگھ تومر نے کہا کہ نئے سال 2022 کے پہلے دن 10.09 کروڑ کسانوںکے کھاتوں میں 20,900 کروڑ روپئے کی رقم منتقل کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کی آمدنی کو دوگنا کرنے کی کوششوں میں حکومت کی مدد کے لیے پی ایم-کسان پروگرام شروع کیا گیا ہے۔ اس سے قبل پی ایم-کسان کی نویں قسط اگست 2021 میں جاری کی گئی تھی۔ آج ریلیز ہونے کے بعد اس اسکیم کے تحت کسانوں کو اب تک 1.8 لاکھ کروڑ روپئے دستیاب کرائے گئے ہیں۔ پی ایم-کسان اسکیم کا اعلان فروری 2019 کے بجٹ میں کیا گیا تھا۔ اس کے تحت پہلی قسط دسمبر 2018 سے مارچ 2019 تک جاری کی گئی تھی۔
