بھارت دنیا کا محفوظ ترین ملک ہے: ایشورپا

ڈ سٹرکٹ نیوز سلائیڈر

شیموگہ: (انقلاب نیوزبیورو):۔بھارت دنیا کا محفوظ ترین ملک ہے۔اس بات کا اظہار وزیر برائے دیہی ترقیات و نگران کارکے ایس ایشورپا نے کیاہے۔انہوں نے بی جے پی یوا مورچہ کے زیر اہتمام سائیکل ریالی میں حصہ لیا اوربعدازاں اسکے موقع پر تقریر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت دنیا کا سب سے پرامن ملک ہے ۔ یہاں مذاہب کے درمیان آپسی محبت اور انسانیت ہے۔ یہاں رہنا ہماری خوش قسمتی ہے۔ اگر آپ افغانستان میں طالبان کی دہشت گردانہ سرگرمیوں کو دیکھیں تو یہ بات سمجھ جائیں گے۔یہاں خواتین پر زیادتی اور مظالم بڑھ رہے ہیں۔ طالبان کی جانب سے پوری دنیا کو شرمندہ کرنے والاکام ہوا ہے۔ اس وقت یہاں درندگی عروج پر ہے اور انسانیت پوشیدہ ہے۔ جب ہم یہ سب دیکھتےہیں تو ہمیں لگتا ہے کہ بھارت ہی دنیا کا سب سے محفوظ ملک ہے۔انہوں نے کہا کہ ہماری نوجوانوں نسلوں کےاندر جذبہ حب الوطنی اور جدوجہد آزادی کی اہمیت کو سمجھانے کیلئے اس سائیکل ریالی کا اہتمام کیا گیا۔ وزیر موصوف نے اپیل کی ہے کہ بڑی تعداد میں نوجوان اس ریالی میں شرکت کرکےاس پروگرام کو کامیاب بنائیں۔ریالی کا آغاز شہر کے نہرو اسٹیڈیم سے ہوتےہوئے اوشا نرسنگ ہوم، لکشمی ٹیالکس، جیل سرکل، کے ایس آرٹی سی بس اسٹانڈ سے ہوتا ہوا واپس شیوپا نائک ، گوپی سرکل ، مہاویر سرکل سے ہوتے ہوئے دوبارہ نہرو اسٹیڈیم کو آکر ختم ہوئی۔اس پروگرام کی صدارت سٹی یوتھ مورچہ کے صدر درشن نے نبھائی۔اس موقع پر ضلع صدر ٹی ڈی میگھراج اور سٹی صدر این کے جگدیش ، میئر سنیتا انپا ، ڈپٹی میئر شنکرگنی ، ڈویژنل سکریٹری گریش پٹیل ، جیوتی پرکاش اور دیگر موجود تھے۔